3 بچوں کو قتل کرنے والی ماں 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

لاہور (نمائندہ خصوصی)لاہور کی ماڈل ٹاؤن کچہری نے تین کمسن بچوں کے قتل میں ملوث ماں کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے اسے پولیس کے حوالے کر دیا۔جوڈیشل مجسٹریٹ ارشاد حسین نے کیس کی سماعت کے دوران پولیس کی درخواست پر فیصلہ سنایا۔ پولیس نے ملزمہ کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی تاکہ مزید تفتیش کی جا سکے۔

تفتیشی افسر کے مطابق ملزمہ کے ڈی این اے، پولی گرافک اور میڈیکل ٹیسٹ کرائے جائیں گے تاکہ شواہد کو مضبوط بنایا جا سکے۔اس سے قبل اچھرہ کے علاقے میں پیش آنے والے اس افسوسناک واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ چکی ہے، جس میں ملزمہ کو گلی سے باہر جاتے اور پھر واپس آ کر اہلِ محلہ کے ساتھ مل کر ریسکیو نمبر 15 پر کال کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

دوسری جانب تینوں بہن بھائیوں کی لاشوں کا پوسٹ مارٹم مکمل ہونے کے بعد انہیں ورثاء کے حوالے کر دیا گیا، جو میتوں کو اپنے آبائی علاقے جھنگ لے گئے ہیں۔یاد رہے کہ پانچ سالہ مومنہ بتول، چار سالہ مومن رضا اور ڈیڑھ سالہ امِ حبیبہ کی گلا کٹی لاشیں گھر سے برآمد ہوئی تھیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق بچوں کو تیز دھار آلے سے قتل کیا گیا، بعد ازاں انکشاف ہوا کہ ملزمہ خود بچوں کی سگی ماں ہے اور اس نے ابتدائی تفتیش میں اعتراف جرم بھی کر لیا ہے۔