مالاکنڈ (نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ 4 اکتوبر کو اسلام آباد جائیں گے، گاڑیاں نہ ملیں تو موٹر سائیکل، موٹر سائیکل نہ ہوئی تو سائیکل اور سائیکل بھی نہ ہوئی تو پیدل جائیں گے۔
مالاکنڈ میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے مقدمات کئی ماہ سے نہیں سنے جا رہے جبکہ ہمارے راستے روکے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جو شخص عہدے یا کرسی کے پیچھے بھاگتا ہے وہ چھوٹا ہوتا ہے، ملک کی معیشت تباہ ہو رہی ہے اور مزدور کو مزدوری نہیں مل رہی۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے جنید اکبر کے سومنات سے متعلق بیان کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جنید اکبر کے بیان پر کچھ لوگ غصے میں آئے، جنید اکبر نے اس کی وضاحت بھی کی، تاہم کچھ لوگ اب بھی غصے میں ہیں۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی نے اسلام آباد کی جانب مارچ 4 اکتوبر تک مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور مارچ پشاور سے شروع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

