400 کلو چاندی چوری کیس، سابق کلکٹر کسٹمز سمیت مزید 5 ملزمان گرفتار

کوئٹہ (نامہ نگار)فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے 400 کلو چاندی چوری اور اسمگلنگ کیس میں سابق کلکٹر کسٹمز کرم الٰہی سمیت مزید پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان میں سابق کلکٹر کسٹمز کرم الٰہی بھی شامل ہیں، جبکہ اس مقدمے میں کسٹمز کے دو افسران عارف اور سمیع اللہ کو پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا ہے۔

ترجمان کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 214 کلو چاندی اور 49 لاکھ روپے نقد برآمد کیے گئے ہیں۔ اپریل میں محکمۂ کسٹمز میں 400 کلو چاندی کو مبینہ طور پر سیسے سے تبدیل کیے جانے کا انکشاف ہوا تھا، جس کے بعد ایف آئی اے نے چاندی کی چوری اور اسمگلنگ کے الزام میں مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا۔

ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کا جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا گیا ہے، جبکہ کیس میں مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔ حکام کے مطابق دو انسپکٹرز سمیت دیگر مفرور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔