5 جولائی 1977ء پاکستان کی جمہوری تاریخ کا سیاہ دن ہے: بلاول بھٹو

کراچی(نمائندہ خصوصی)چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 5 جولائی 1977ء پاکستان کی جمہوری تاریخ کا سیاہ دن ہے، جب عوام کے مینڈیٹ، آئین اور پارلیمانی جمہوریت پر شب خون مارا گیا۔

اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آمریت نے یہ سمجھا تھا کہ وہ عوام کی آواز دبا دے گی، مگر شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور بے شمار جمہوریت پسند کارکنوں کی قربانیوں نے ثابت کیا کہ حق، آئین اور عوامی حاکمیت کو کبھی شکست نہیں دی جا سکتی۔

انہوں نے کہا کہ 49 برس گزرنے کے باوجود پاکستان پیپلز پارٹی کا عزم برقرار ہے کہ آئین کی بالادستی، ووٹ کے تقدس، پارلیمانی جمہوریت اور عوام کے حقِ حکمرانی کا ہر قیمت پر دفاع کیا جائے گا۔

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ شہداء کی قربانیوں کا حقیقی خراج یہی ہے کہ آمریت اور نفرت کے ہر سائے کو مسترد کرتے ہوئے ایک متحد، جمہوری اور ترقی پسند پاکستان کی تعمیر کا سفر جاری رکھا جائے۔