617 پکوان تیار کرکے عالمی ریکارڈ بنانیوالے بھارتی شیف دامو 72 برس کی عمر میں انتقال کرگئے

چنئی (بھارتی میڈیا) بھارتی شہرت یافتہ شیف کے دامودھرن المعروف شیف دامو 72 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ وہ 24 گھنٹے سے زائد وقت میں 617 پکوان تیار کرکے گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کرنے کے باعث دنیا بھر میں شہرت رکھتے تھے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شیف دامو 25 اکتوبر 2026ء کو چنئی میں انتقال کرگئے۔ ان کی وفات پر ساتھی شیفس، مداحوں اور تامل ناڈو کی سیاسی قیادت نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

شیف دامو نے تامل ناڈو کے معروف ٹیلی ویژن کھانا پکانے کے پروگراموں، خصوصاً ’’کوکو وِد کومالی‘‘ سے شہرت حاصل کی۔ وہ روایتی تامل اور چیتیناڈ کھانوں کے ماہر تھے اور انہوں نے کھانا پکانے کے موضوع پر کئی کتابیں بھی تحریر کیں۔

انہوں نے دسمبر 2010ء میں مسلسل 24 گھنٹے، 30 منٹ اور 12 سیکنڈ تک کھانا پکاتے ہوئے 617 مختلف پکوان تیار کرکے عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا۔ اس دوران انہوں نے مجموعی طور پر 190 کلوگرام اجزا استعمال کیے اور 6 چولہوں پر بیک وقت کھانا پکایا۔

شیف دامو نے اس ریکارڈ کی کوشش کا آغاز 21 دسمبر 2010ء کو صبح تقریباً 8 بجے کیا تھا۔ ان کا ابتدائی ہدف 480 پکوان تیار کرنا تھا، تاہم انہوں نے مقررہ تعداد سے 137 زیادہ پکوان بنا کر سب کو حیران کردیا۔

ریکارڈ کے لیے سخت شرائط مقرر کی گئی تھیں۔ انہیں ہر گھنٹے میں صرف 5 منٹ آرام کی اجازت تھی، جبکہ کم از کم 2 پکوان بیک وقت تیار کرنا ضروری تھا۔ ان کی معاونت کے لیے 4 افراد موجود تھے، تاہم کھانا پکانے کا تمام کام انہوں نے خود انجام دیا۔ انہیں اوون اور مائیکرو ویو استعمال کرنے کی بھی اجازت نہیں تھی۔

ان کے تیار کردہ پکوانوں میں اڈلی، ڈھوکلا، رسَم، پائسم، پکوڑے اور چپس سمیت جنوبی بھارت اور دیگر علاقوں کے مختلف کھانے شامل تھے۔

اس عالمی ریکارڈ کی نگرانی گنیز ورلڈ ریکارڈز کی جج لوسیا سینیگلیئسی نے کی۔ انہوں نے اس بات کو یقینی بنایا کہ تمام مقررہ شرائط پوری ہوں اور تیار کیے جانے والے پکوان کھانے کے قابل ہوں۔

ریکارڈ بنانے کی کوشش کے تقریباً 12 گھنٹے بعد شیف دامو کو شدید تھکن محسوس ہونے لگی، ان کے ہاتھ پاؤں بھاری ہوگئے اور مسلسل کھانا پکانا مشکل ہوگیا۔ اس موقع پر ہوٹل کے تقریباً 60 ملازمین انہیں حوصلہ دینے کے لیے پہنچے۔

شدید تھکن کے باوجود انہوں نے اپنی کوشش جاری رکھی اور اوسطاً ہر ڈھائی منٹ میں ایک نیا پکوان تیار کیا۔ ریکارڈ کی ایک اہم شرط یہ بھی تھی کہ تمام تیار کردہ کھانے قابلِ استعمال ہوں۔ بعدازاں تمام 617 پکوان وہاں موجود افراد میں تقسیم کیے گئے اور کھا لیے گئے۔

واضح رہے کہ شیف دامو نے 2004ء میں یونیورسٹی آف مدراس سے ہوٹل مینجمنٹ اور کیٹرنگ ٹیکنالوجی میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی تھی۔ کھانا پکانے کے شعبے میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں انہیں 2025ء میں بھارت کے سول اعزاز ’’پدم شری‘‘ سے بھی نوازا گیا تھا۔