آئی جی خیبر پختونخواکی اہم سرکاری تنصیبات کے سیکیورٹی آڈٹ کی ہدایت

پشاور (نمائندہ خصوصی)انسپکٹر جنرل خیبر پختونخوا پولیس ذوالفقار حمید نے اہم سرکاری عمارتوں اور حساس تنصیبات کے سیکیورٹی آڈٹ کی ہدایت جاری کر دی ہے۔پشاور میں ریڈ زون سیکیورٹی سے متعلق اجلاس ہوا جس کی صدارت آئی جی پولیس نے کی۔ اجلاس میں سی سی پی او پشاور نے ریڈ زون کی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔

اجلاس کے دوران ریڈ زون اور دیگر حساس عمارتوں کی سیکیورٹی کا ازسرنو جائزہ لیا گیا اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پولیس رسپانس یونٹس کو ہائی الرٹ رکھنے کی ہدایت کی گئی۔مزید کہا گیا کہ داخلی و خارجی راستوں پر نگرانی اور چیکنگ کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے، جبکہ جدید کیمروں اور چیکنگ آلات کے استعمال پر بھی زور دیا گیا۔

آئی جی پولیس نے ہدایت کی کہ انٹری پوائنٹس پر واک تھرو گیٹس، کھوجی کتے اور تربیت یافتہ اہلکاروں کی تعیناتی یقینی بنائی جائے۔آئی جی ذوالفقار حمید نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔