بیجنگ(ایجنسیاں) چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے اپنے روسی ہم منصب سرگئی لاروف سے ٹیلیفونک گفتگو میں کہا ہے کہ چین نے ہمیشہ عالمی تنازعات کے حل کیلئےسیاسی مفاہمت کی حمایت کی ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ آبنائے ہرمز میں تجارتی بحری سرگرمیوں کی بحالی کیلئے فوری جنگ بندی ناگزیر ہے، اور چین مستقل طور پر علاقائی مسائل کو مذاکرات اور بات چیت کے ذریعے حل کرنے کا حامی رہا ہے۔
وانگ ای نے کہا کہ چین مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے کیلئے روس کے ساتھ تعاون بڑھانے کیلئے تیار ہے اور اس حوالے سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بھی ماسکو کے ساتھ مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔خبر ایجنسی کے مطابق بحرین کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد پر، آبنائے ہرمز اور اس کے اطراف میں کمرشل شپنگ کے تحفظ کیلئے سلامتی کونسل میں ووٹنگ آئندہ ہفتے متوقع ہے۔

