آسٹریلیا: فیول ایکسائز میں کمی کے بعد پیٹرول و ڈیزل سستے ہوگئے

کینبرا (ایجنسیاں) آسٹریلوی حکومت کی جانب سے فیول ایکسائز آدھی کرنے کے اعلان کے بعد پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی فوری طور پر نہیں بلکہ مرحلہ وار سامنے آئے گی۔

حکام کے مطابق فیول ایکسائز میں کمی یکم اپریل سے نافذ ہو چکی ہے، جس کے تحت فی لیٹر 53 سینٹ ٹیکس کم ہو کر تقریباً 26.3 سینٹ رہ گیا ہے، اور یہ سہولت 30 جون تک برقرار رہے گی۔تاہم وزیر توانائی کرس بوون کا کہنا ہے کہ صارفین کو پٹرول پمپ پر فوری کمی نظر نہیں آئے گی کیونکہ پمپ مالکان پہلے سے مہنگے داموں خریدا گیا اسٹاک فروخت کریں گے۔

وزیر خزانہ جم چالمرز کے مطابق عوام کو قیمتوں میں مکمل ریلیف ملنے میں تقریباً ایک سے دو ہفتے لگ سکتے ہیں، جبکہ ماضی کے تجربے کے مطابق بعض صورتوں میں اس کے اثرات مکمل طور پر منتقل ہونے میں چھ ہفتے تک بھی لگ سکتے ہیں۔

فیول ایکسائز میں 50 فیصد کمی کے بعد صارفین کو فی لیٹر تقریباً 26.3 سینٹ تک بچت ہوگی، جس سے 50 لیٹر ٹینک بھرانے پر تقریباً 14 ڈالر جبکہ 65 لیٹر ٹینک پر تقریباً 19 ڈالر کی بچت متوقع ہے۔تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بڑھتی رہیں تو مقامی سطح پر قیمتوں میں دوبارہ اضافہ بھی ہو سکتا ہے۔