ابوظبی کے ہوٹل میں ہنگامہ آرائی اور جھگڑا کرنے والے 10 افراد کو قید و بھاری جرمانوں کی سزا

6 ملزمان کو 6، 6 ماہ قید، فی کس 3 لاکھ درہم جرمانہ اور ملک بدری کا حکم
جھگڑے کی ویڈیو بنانے اور پھیلانے والے 2 افراد کو بھی جیل بھیج دیا گیا

ابوظبی (خبر ایجنسیاں) متحدہ عرب امارات کی ریاست ابوظبی میں ایک ہوٹل کے اندر جھگڑے، ہنگامہ آرائی اور واقعے کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر پھیلانے کے الزام میں 10 افراد کو مجرم قرار دیتے ہوئے قید، جرمانوں اور ملک بدری کی سزائیں سنادی گئیں۔

ابوظبی کی فوجداری عدالت نے 6 ملزمان کو عوامی امن و امان میں خلل ڈالنے، خوف و ہراس پھیلانے اور لوگوں کی جانوں کو خطرے میں ڈالنے کے جرائم میں 6، 6 ماہ قید اور فی کس 3 لاکھ درہم جرمانے کی سزا سنائی۔ عدالت نے سزا مکمل ہونے کے بعد ان کی ملک بدری کا بھی حکم دیا۔

عدالت نے مزید 2 ملزمان کو عوامی امن و امان میں خلل ڈالنے اور دوسروں پر حملے کے الزامات میں فی کس 50 ہزار درہم جرمانے کی سزا سنائی۔

جھگڑے کی ویڈیو بنانے اور اسے انٹرنیٹ پر نشر کرنے والے نویں اور دسویں ملزم کو بھی 6، 6 ماہ قید اور فی کس 3 لاکھ درہم جرمانے کی سزا دی گئی۔ عدالت نے ان دونوں کو بھی سزا پوری ہونے کے بعد ملک بدر کرنے، ویڈیو بنانے میں استعمال ہونے والے موبائل فون ضبط کرنے اور جھگڑے کی ویڈیو حذف کرنے کا حکم دیا۔

ابوظبی پولیس کے مطابق ہوٹل کے داخلی راستے پر چند افراد کے درمیان پہلے سے جاری اختلافات کے باعث جھگڑا ہوا تھا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے لڑائی میں براہِ راست ملوث 8 افراد کو گرفتار کیا، جبکہ واقعے کی ویڈیو بنانے اور اسے پھیلانے والے 2 دیگر افراد کو بھی حراست میں لیا گیا تھا۔ تمام 10 ملزمان کو قانونی کارروائی کیلئے استغاثہ کے حوالے کیا گیا، جس کے بعد مقدمہ عدالت میں پیش ہوا۔

ابوظبی کے محکمۂ عدلیہ نے واضح کیا ہے کہ عوامی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے اور معاشرتی نظم و ضبط متاثر کرنے والے اقدامات کے خلاف قانون کے تحت سخت کارروائی جاری رکھی جائے گی۔