ابوظبی (رائٹرز، عرب نیوز، گلف ٹوڈے، وام اسٹٰیٹ نیوز)یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید سے ابوظبی میں ملاقات کی، جس میں ایرانی حملوں اور خطّے کی سیکورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
انہی ملاقاتوں کے دوران دونوں رہنماؤں نے ایران کی طرف سے متحدہ عرب امارات پر کیے جانے والے میزائل اور ڈرون حملوں کی مشترکہ طور پر مذمت کی اور علاقائی امن و استحکام کو درپیش خطرات پر اظہارِ تشویش کیا۔
زیلنسکی نے اس موقع پر اعلان کیا کہ یوکرین اور متحدہ عرب امارات نے سیکورٹی اور دفاعی تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا ہے، جس میں خاص طور پر ایرانی خطرات کا مقابلہ، ہوائی دفاعی نظاموں کے تبادلے اور مربوط حکمتِ عملی پر زور دیا گیا۔
صدر زیلنسکی نے یوکرینی دفاعی ماہرین کی خدمات کو سراہا اور اماراتی حکام کے ساتھ مل کر ایئر اسپیس کو مزید محفوظ بنانے اور جدید دفاعی تکنیکوں پر تبادلۂ خیال کیا۔دونوں ممالک نے دفاعی مذاکرات جاری رکھنے اور مستقبل میں مزید دفاعی معاہدوں پر دستخط کرنے کے امکان پر غور جاری رکھنے کا بھی اعلان کیا۔

