اتراکھنڈ میں یاتریوں کا ہیلی کاپٹر تباہ، 6 افراد کی ہلاکت کا خدشہ

اتراکھنڈ (بھارتی میڈیا) بھارت کی ریاست اتراکھنڈ کے ضلع چمولی میں یاتریوں کو لے جانے والا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا، حادثے میں پائلٹ سمیت تمام 6 افراد کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ہیلی کاپٹر میں ایک پائلٹ اور 5 یاتری سوار تھے۔ یہ ہیلی کاپٹر بدری ناتھ سے یاتریوں کو لے کر دہرادون جارہا تھا کہ راستے میں حادثے کا شکار ہوگیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق خراب موسم ہیلی کاپٹر گرنے کی ممکنہ وجہ ہوسکتا ہے۔ محکمہ موسمیات نے پہلے ہی علاقے میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے پیش نظر نارنجی انتباہ جاری کر رکھا تھا، جس کے باعث حدِ نگاہ انتہائی کم تھی۔

خراب موسم اور دشوار گزار پہاڑی علاقے کے باعث امدادی ٹیموں کو جائے حادثہ تک پہنچنے اور تلاش کا کام انجام دینے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔