امریکا اور اتحادیوں کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنائیں گے:ابراہیم ذوالفقاری

تہران(رائٹرز، اے ایف پی، نیو یارک ٹائمز، الجزیرہ)ایران کی اعلیٰ مشترکہ فوجی کمان نے خبردار کیا ہے کہ خطے میں امریکا اور اس کے اتحادیوں کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا جائے گا۔

ایرانی فوجی کمان کے ترجمان ابراہیم ذوالفقاری نے امریکی دھمکیوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ امریکا اور اس کے اتحادیوں کو کئی برس تک خطے کے تیل اور گیس کے وسائل سے محروم کر دیا جائے گا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران نے مشرق وسطیٰ میں امریکی اور اسرائیلی مفادات کو نشانہ بناتے ہوئے بیلسٹک اور کروز میزائلوں کے ساتھ ساتھ ڈرون حملے بھی کیے ہیں۔

دوسری جانب امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے رپورٹ کیا ہے کہ ایران نے امریکا کے ساتھ مذاکرات معطل کر دیے ہیں اور جنگ بندی سے متعلق بات چیت سے بھی انکار کر دیا ہے۔رپورٹ کے مطابق ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے پاکستان کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔