تہران (ایجنسیاں) ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے امریکا کی ممکنہ زمینی کارروائی سے متعلق خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا اپنے فوجیوں کو ہوٹلوں اور پارکس میں چھپانے پر مجبور ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ جو ملک اپنے فوجیوں کو اپنے ہی اڈوں پر محفوظ نہیں رکھ سکتا، وہ کسی دوسرے ملک میں انہیں کیسے محفوظ رکھے گا۔

یہ بیان ان اطلاعات کے بعد سامنے آیا ہے جن میں کہا گیا تھا کہ امریکا ایران کے خلاف ممکنہ زمینی کارروائی کے مختلف آپشنز پر غور کر رہا ہے۔دوسری جانب امریکی حکام نے ایران میں فوجی تعیناتی کے امکان کو مکمل طور پر مسترد نہیں کیا، تاہم کسی بھی قسم کی ایرانی سرزمین پر قبضے کی واضح منصوبہ بندی کی تصدیق نہیں کی گئی۔
ادھر ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے خطے میں موجود شہریوں کو امریکی فوجی اڈوں سے دور رہنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی اور اسرائیلی افواج شہری علاقوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش کر رہی ہیں، لہٰذا شہری فوری طور پر ایسے مقامات خالی کر دیں تاکہ کسی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔

