واشنگٹن (نامہ نگار)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا دو سے تین ہفتوں میں ایران سے نکل جائے گا اور ممکنہ طور پر اس سے پہلے کوئی ڈیل بھی ہو سکتی ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا جلد ہی ایران سے اپنے فوجی واپس لے گا اور ایران میں پہلے ہی رجیم میں تبدیلی کی جا چکی ہے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ اگر فرانس اور دیگر چند ممالک تیل اور گیس کے حصول کیلئے آبنائے ہرمز جانا چاہتے ہیں تو یہ ان کا اپنا فیصلہ ہے اور وہ اپنی حفاظت خود کریں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ آبنائے ہرمز میں جو کچھ بھی ہوگا اس میں امریکا کا کوئی لینا دینا نہیں ہوگا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے تنقید کرنے والوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ لوگ مجھ پر بادشاہ ہونے کے الزامات لگاتے ہیں، لیکن پچھلے چار سال کے دوران ان لوگوں نے کیا کیا؟ انہوں نے مزید کہا کہ مخالفین نے امریکا میں 25 ملین افراد کو داخل ہونے دیا، جبکہ وہ چاہتے ہیں کہ سرحدیں کھلی رہیں اور مجرم داخل ہوں۔
امریکی صدر نے بتایا کہ وائٹ ہاؤس کی حفاظت کیلئےمتعدد اقدامات کیے جا رہے ہیں اور اس سلسلے میں کئی کام انجام دیے گئے جن کی مالی مدد چند بڑی کمپنیوں اور امیر افراد نے فراہم کی ہے۔

