امریکا سے کوئی بات چیت نہیں ہوئی:اسپیکر ایرانی پارلیمنٹ

تہران (ایرانی میڈیا)ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف کا کہنا ہے کہ امریکا سے کوئی بات چیت نہیں ہوئی، اور اس فیک نیوز کا مقصد اقتصادی اور تیل کی مارکیٹس میں ہیرا پھیری کرنا اور امریکا و اسرائیل کو پھنسے ہوئے دلدل سے نکالنا ہے۔

باقر قالیباف نے کہا کہ ایرانی قوم جارح ممالک کی مکمل اور شرمناک سزا چاہتی ہے اور یہ ہدف حاصل ہونے تک تمام اہلکار اپنے لیڈر اور قوم کے پیچھے مضبوطی سے کھڑے ہیں۔ایرانی سیکیورٹی اہلکار نے بتایا کہ تہران کی موثر کارروائی کے سبب صدر ٹرمپ ایران کے اہم انفراسٹرکچر پر حملے کی دھمکی سے پیچھے ہٹنے پر مجبور ہوئے۔

اہلکار نے کہا کہ ٹرمپ اس لیے بھی پسپا ہوئے کیونکہ امریکا اور مغربی ممالک کی اقتصادی مارکیٹ اور بانڈز کو خطرات لاحق ہو گئے تھے۔انہوں نے مزید واضح کیا کہ کئی ثالثوں کے ذریعے ایران کو پیغام بھیجا جا رہا ہے، مگر ایران اس وقت تک دفاع جاری رکھے گا جب تک ضروری ڈیٹرنس حاصل نہیں کر لیتا۔

اہلکار نے کہا کہ نہ تو آبنائے ہرمز جنگ سے پہلے کی حالت پر واپس جائیگا نہ ہی انرجی مارکیٹ میں استحکام آئیگا۔ٹرمپ کا 5 روزہ الٹی میٹم ایرانی عوام کیخلاف جرائم جاری رکھنے کیلئےتھا، ایران کا جواب وسیع تر دفاع جاری رکھنے کی صورت میں ہوگا۔