نیویارک (خبر ایجنسیاں) امریکی ریاست نیویارک کی گورنر کیتھی ہوکل نے ملک بھر میں فضائی آپریشن کی معطلی اور ہزاروں پروازوں کی منسوخی کے بعد وزیر ٹرانسپورٹ شان ڈفی سے استعفے کا مطالبہ کردیا ہے۔ انہوں نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بھی کہا ہے کہ اگر وزیر مستعفی نہیں ہوتے تو انہیں عہدے سے برطرف کیا جائے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی وفاقی ادارہ برائے ہوا بازی نے 13 نومبر کو فضائی ٹریفک کنٹرول کے مواصلاتی نظام میں خرابی کے باعث ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر پروازوں کی روانگی عارضی طور پر روک دی تھی۔ اس دوران ہزاروں پروازیں منسوخ ہوئیں جبکہ بڑی تعداد میں مسافر مختلف ہوائی اڈوں پر پھنس گئے۔
گورنر کیتھی ہوکل نے اپنے بیان میں کہا کہ جب ریڈار اور مواصلاتی نظام میں خرابی پیدا ہوئی تو 3 ہزار 500 سے زائد طیارے فضا میں موجود تھے۔ خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ان کے مطابق فضائی ٹریفک کنٹرول کے عملے کی مسلسل کمی اور مواصلاتی نظام میں بار بار پیدا ہونے والی خرابیاں قومی فضائی نظام کے لیے سنگین مسئلہ بن چکی ہیں۔
انہوں نے کانگریس سے واقعے کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ لاکھوں امریکی شہری تعطیلات کے دوران فضائی سفر کی تیاری کر رہے ہیں اور انہیں فضائی تحفظ کے حوالے سے اطمینان اور واضح جوابات ملنے چاہئیں۔
دوسری جانب وزیر ٹرانسپورٹ شان ڈفی نے ابتدائی طور پر پرانے مواصلاتی نظام اور تکنیکی خرابی کو بحران کی وجہ قرار دیا۔ ان کے مطابق ایک مقام پر پرانی تانبے کی تاروں کو فائبر نظام میں تبدیل کرنے کے دوران خرابی پیدا ہوئی، جس سے فضائی ٹریفک کنٹرول کے مواصلاتی اور ریڈار نظام متاثر ہوئے۔
امریکی حکام کے مطابق جمعہ کی رات تقریباً 8 بج کر 15 منٹ پر پروازوں کی روانگی پر عائد پابندی ختم کردی گئی تھی، تاہم ہفتے کو بھی پروازوں کی منسوخی اور تاخیر کا سلسلہ جاری رہا۔

