امریکا میں گرفتار خواتین کا قاسم سلیمانی سے کوئی تعلق نہیں:زینب سلیمانی

تہران/واشنگٹن (بین الاقوامی میڈیا، ایران نیوز ایجنسیاں)ایران کے شہید کمانڈر قاسم سلیمانی کی صاحبزادی زینب سلیمانی نے امریکی محکمہ خارجہ کے دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا میں جن دو خواتین کو گرفتار کیا گیا ہے، ان کا قاسم سلیمانی کے خاندان سے کوئی تعلق نہیں۔

زینب سلیمانی نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکی وزارت خارجہ کا یہ دعویٰ جھوٹا ہے اور یہ لوگ جھوٹ کے ذریعے قاسم سلیمانی جیسی عظیم شخصیت اور ایرانی قوم کے خلاف عالمی رائے عامہ ہموار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے پہلے امریکا نے اعلان کیا تھا کہ قاسم سلیمانی کی دو رشتہ دار خواتین کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا تھا کہ حمیدہ سلیمانی افشار اور ان کی بیٹی امریکا کی گرین کارڈ ہولڈر تھیں اور امریکا میں پُر تعیش زندگی گزار رہی تھیں، اور ان دونوں کا گرین کارڈ منسوخ کر دیا گیا ہے۔