امریکا پر انحصار اب ’کمزوری‘ بن گیا ہے:وزیرِ اعظم مارک کارنی

اوٹاوا (نمائندہ خصوصی)وزیرِ اعظم مارک کارنی نے کہا ہے کہ کینیڈا کیلئے امریکا کے ساتھ طویل عرصے سے قائم معاشی تعلقات اب ایک ’’کمزوری‘‘ میں تبدیل ہو چکے ہیں، جنہیں فوری طور پر متوازن کرنا ضروری ہے۔

اپنے ایک ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ دنیا اس وقت زیادہ غیر محفوظ اور تقسیم شدہ ہو چکی ہے، جبکہ امریکا نے اپنی تجارتی پالیسی میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے محصولات (ٹیرف) میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔

مارک کارنی کے مطابق کینیڈا کو اب کسی ایک ملک پر انحصار کم کرتے ہوئے دیگر ممالک کے ساتھ تجارتی و معاشی تعلقات کو مضبوط بنانا ہوگا تاکہ معیشت زیادہ مستحکم ہو سکے۔

انہوں نے اپنی گفتگو میں تاریخی حوالے دیتے ہوئے 1812کی جنگ کے برطانوی کمانڈر جنرل آئزک بروک کا ذکر بھی کیا اور کہا کہ کینیڈا ماضی میں بھی بڑے چیلنجز کا سامنا کر چکا ہے۔

یاد رہے کہ امریکا کے سابق صدر ڈونلڈٹرمپ کی جانب سے تجارتی محصولات میں اضافے کی پالیسی کے بعد امریکا اور کینیڈا کے تعلقات میں کشیدگی دیکھی گئی ہے، جس نے عالمی تجارت پر بھی اثر ڈالا ہے۔

رپورٹس کے مطابق مارک کارنی نے 2025ء میں وزارتِ عظمیٰ سنبھالی تھی اور انہوں نے عندیہ دیا ہے کہ کینیڈا آئندہ چین سمیت دیگر ممالک کے ساتھ تجارتی تعلقات بڑھا کر امریکا پر انحصار کم کرے گا۔