وارنٹن (خبر ایجنسیاں) امریکی ریاست میسوری کے شہر وارنٹن میں واقع بلیک ہاک مڈل اسکول میں چاقو سے حملے کے نتیجے میں 2 طلبہ اور ایک استاد زخمی ہوگئے، جبکہ پولیس نے حملے میں ملوث کم عمر طالب علم کو حراست میں لے لیا۔
مقامی پولیس کے مطابق واقعہ جمعرات کی صبح تقریباً 7 بج کر 55 منٹ پر ایک جماعت کے کمرے میں پیش آیا، جہاں اسکول کے ایک طالب علم نے 4 سے 5 انچ لمبے دھار دار آلے سے دو طلبہ اور استاد پر حملہ کیا۔ واقعے سے قبل کسی قسم کی دھمکی موصول نہیں ہوئی تھی۔
حکام کے مطابق زخمی طلبہ میں سے ایک کو فضائی ایمبولینس کے ذریعے سینٹ لوئس کے بچوں کے اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ استاد کو ایمبولینس کے ذریعے اسپتال پہنچایا گیا۔ دونوں کی حالت تشویش ناک بتائی گئی۔ دوسرے طالب علم کو معمولی زخم آئے۔
پولیس نے بتایا کہ ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور عوام کو مزید کوئی خطرہ نہیں۔ واقعے کے بعد اسکول کی تمام جماعتوں کو خالی کرالیا گیا، جبکہ طلبہ کو والدین کے حوالے کرنے کا عمل شروع کردیا گیا۔ ضلع کے تمام اسکولوں میں تدریسی سرگرمیاں مقررہ وقت سے پہلے ختم کردی گئیں اور بلیک ہاک مڈل اسکول کے کھیلوں کے مقابلے بھی منسوخ کر دیے گئے۔

