واشنگٹن(غیر ملکی میڈیا) امریکی سینیٹرز نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے خلاف شروع کی گئی جنگ کے خاتمے کے لیے ایک بار پھر قرارداد پیش کردی۔کولوراڈو کی نمائندگی کرنے والے امریکی سینیٹر جان ہیکن لوپر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر کہا کہ انہوں نے صدر ٹرمپ کی ایران کے ساتھ جنگ روکنے کے لیے قرارداد پیش کی ہے۔

جان ہیکن لوپر کا کہنا تھا کہ امریکی جانیں ضائع ہوچکی ہیں، گیس اور کھاد کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئی ہیں جبکہ امریکی فوج کے ذخائر میں بھی نمایاں کمی آئی ہے۔انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اس جنگ کو ابھی ختم کیا جائے۔واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی سینیٹ نے ایران کے خلاف جنگ روکنے کی قرارداد مسترد کردی تھی۔
امریکی سینیٹ میں ایران کے خلاف جنگ روکنے کی قرارداد کے حق میں 49 جبکہ مخالفت میں 50 ووٹ ڈالے گئے تھے۔ایوان میں 3 ری پبلکن سینیٹرز نے ڈیموکریٹس کے ساتھ مل کر قرارداد کے حق میں ووٹ دیا جبکہ ایک ڈیموکریٹ سینیٹر نے ری پبلکنز کا ساتھ دیتے ہوئے قرارداد کی مخالفت کی تھی۔

