جکارتہ (رائٹرز)انڈونیشیا کے مشرقی فلوریس کے علاقے میں ساحل کے قریب 7.7 شدت کے شدید زلزلے کے بعد سونامی کی وارننگ جاری کردی گئی، حکام نے ساحلی علاقوں اور دریاؤں کے کناروں سے دور رہنے کی ہدایت کردی جبکہ متاثرہ ساحلی علاقوں کے رہائشیوں کو بلند مقامات پر منتقل ہونے کا کہا گیا ہے۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز مشرقی نوسا تنگارا صوبے کے شہر اینڈی سے 68 کلومیٹر شمال شمال مغرب میں تھا۔ زلزلے کے شدید جھٹکے فلوریس جزیرے کے بیشتر علاقوں میں محسوس کیے گئے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے سے گھروں اور عوامی تنصیبات کو نقصان پہنچا ہے، تاہم حکام نے فوری طور پر متاثرہ عمارتوں یا جانی نقصان کی حتمی تعداد جاری نہیں کی۔ زلزلے کے بعد 2 آفٹر شاکس بھی محسوس کیے گئے۔
انڈونیشیا کی موسمیات، موسمیاتی اور جیو فزکس ایجنسی نے سونامی کی وارننگ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو ساحلوں اور دریاؤں کے کناروں سے دور رہنے کی ہدایت کی۔ حکام ساحلی سطح آب کی پیمائش کرنے والے مراکز کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں تاکہ سمندر کی سطح میں کسی بھی غیر معمولی تبدیلی کا بروقت پتا چلایا جاسکے۔
مشرقی نوسا تنگارا کے علاقے سکا کی رہائشی یوہانا ایمبو نے بتایا کہ شدید زلزلے سے متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا اور خوف زدہ لوگ بلند مقامات کی جانب بھاگ گئے۔انہوں نے بتایا کہ متعدد عمارتیں متاثر ہوئی ہیں جبکہ ماؤمیرے کی پیلنی بندرگاہ کے ٹرمینل کی انتظار گاہ بھی منہدم ہوگئی۔آسٹریلیا کے سونامی وارننگ سینٹر نے کہا ہے کہ سمندر کے اندر آنے والے اس زلزلے سے آسٹریلوی سرزمین، جزائر یا علاقوں کو سونامی کا کوئی خطرہ نہیں۔
انڈونیشیا 17 ہزار سے زائد جزائر پر مشتمل ملک ہے اور بحرالکاہل کے ’رنگ آف فائر‘ پر واقع ہونے کے باعث یہاں زلزلوں اور آتش فشانی سرگرمیوں کا خطرہ رہتا ہے۔ ’رنگ آف فائر‘ بحرالکاہل کے گرد واقع آتش فشاں اور زمینی فالٹ لائنوں کا وسیع سلسلہ ہے۔
دسمبر 1992 میں انڈونیشیا کے مشرقی حصے میں واقع فلوریس جزیرے کے جنوب مشرقی علاقے میں 7 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں سونامی آیا تھا، جس کے باعث تقریباً 2 ہزار 500 افراد ہلاک ہوئے تھے۔تازہ زلزلہ ایسے وقت آیا ہے جب پیر کو مغربی کولمبیا میں 7.4 شدت کا زلزلہ آیا تھا، جس سے بڑے پیمانے پر نقصان ہوا۔رواں سال جون میں وینزویلا میں یکے بعد دیگرے 7.2 اور 7.5 شدت کے تباہ کن زلزلوں کے نتیجے میں سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 6 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔

