کوئنز پارک (نمائندہ خصوصی) اونٹاریو لبرل پارٹی کے عبوری سربراہ جان فریزر نے صوبائی اسمبلی کے موسم خزاں کے اجلاس کے آغاز پر اپنی جماعت کی ترجیحات کا اعلان کرتے ہوئے وزیراعلیٰ ڈگ فورڈ کی حکومت کو معیشت، مہنگائی، صحت اور تعلیم سمیت تمام شعبوں میں ناکام قرار دیا ہے۔
جان فریزر نے کہا کہ صوبائی اسمبلی کا اجلاس تقریباً 5 ماہ تک وقفے اور سوالات کے سیشن کے بغیر دوبارہ شروع ہورہا ہے، لیکن اس دوران صوبے میں کئی اہم معاملات سامنے آئے ہیں جن پر حکومت کو جواب دینا ہوگا۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ گریٹر ٹورنٹو ایریا سے تعلق رکھنے والے کنزرویٹو ارکان صوبائی اسمبلی نے ٹورنٹو میں غیر ضروری ہوٹلوں میں قیام کے اخراجات سرکاری خزانے سے وصول کیے۔ اس کے علاوہ ہنرمندی کے فروغ کے فنڈ اور گرین بیلٹ سے متعلق بھی نئے سوالات سامنے آئے ہیں، جبکہ حکومت نے اپنی سرگرمیوں کے بارے میں عوام کو معلومات حاصل کرنے میں مشکلات پیدا کیں۔
جان فریزر نے طلبہ کے مالی امدادی پروگرام او ایس اے پی میں مبینہ بے ضابطگیوں کا معاملہ بھی اٹھایا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو کئی سال پہلے اس نظام میں مشکوک سرگرمیوں سے آگاہ کیا گیا تھا، لیکن اس نے ان انتباہات کو نظر انداز کیا۔
انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت کی چشم پوشی کے باعث طلبہ کے لیے مختص کروڑوں ڈالر کی رقم چند نجی پیشہ ورانہ تعلیمی اداروں کو منتقل ہوتی رہی۔ ان کے مطابق بعض طلبہ اپنی تعلیم جاری رکھنے کے لیے دو ملازمتیں کرنے پر مجبور ہیں، جبکہ انہیں یہ جاننے کا حق ہے کہ ان بے ضابطگیوں کا علم کس کو تھا، کب ہوا اور انہیں روکنے کے لیے کارروائی کیوں نہیں کی گئی۔
لبرل رہنما نے کہا کہ اونٹاریو میں بے روزگاری کی شرح 7 فیصد تک پہنچ چکی ہے، جو قومی اوسط سے زیادہ ہے، جبکہ اشیائے خورونوش سے لے کر رہائش تک ہر چیز مہنگی ہوچکی ہے۔ خاندانوں کو فیملی ڈاکٹر تلاش کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے اور اسکولوں میں طلبہ کی تعداد کے مقابلے میں کلاسوں کا حجم بھی زیادہ ہے۔
جان فریزر نے کہا کہ شہری اپنی ملازمتوں اور معاشی مستقبل کے حوالے سے پریشان ہیں، لیکن حکومت کا رویہ ایسا ہے جیسے عوام کو اپنے مسائل خود حل کرنے چاہئیں۔ ان کے بقول عوامی مشکلات پانچ ماہ کے لیے ختم نہیں ہوئی تھیں کہ حکومت نے بھی انہیں نظر انداز کردیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈگ فورڈ کی کنزرویٹو حکومت کے 8 سالہ دور میں شہری زیادہ اخراجات برداشت کررہے ہیں، انہیں خدمات کے لیے طویل انتظار کرنا پڑتا ہے اور سہولتیں بھی کم مل رہی ہیں۔
جان فریزر کے مطابق اسمبلی کا موجودہ اجلاس صحت، تعلیم، معیشت اور حکومتی شفافیت کو پہنچنے والے نقصان کو روکنے کا موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ اونٹاریو کے شہری اپنی حکومت سے بہتر کارکردگی اور جواب دہی کے مستحق ہیں۔

