ٹورنٹو (نمائندہ خصوصی) اونٹاریو کے حلقہ ڈان ویلی نارتھ سے رکن صوبائی اسمبلی جوناتھن تساؤ نے ٹورنٹو میں پاکستان کے قونصل جنرل خلیل احمدباجوہ سے قونصلیٹ جنرل کے نئے دفتر میں ملاقات کی۔
ملاقات میں اونٹاریو میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے متعلق امور، بالخصوص رکن صوبائی اسمبلی کے انتخابی حلقے میں رہنے والے پاکستانیوں کے مسائل اور ضروریات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

جوناتھن تساؤ نے قونصلیٹ جنرل پاکستان کو علاقے میں نئے دفتر میں منتقلی پر خوش آمدید کہا اور قونصلر ہال کا دورہ بھی کیا، جہاں انہیں پاکستانی کمیونٹی کو فراہم کی جانے والی مختلف قونصلر خدمات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
جوناتھن تساؤ نے پاکستانی کمیونٹی سے رابطوں اور قونصلر سہولیات کی فراہمی سمیت مختلف امور میں قونصلیٹ جنرل کو تعاون اور معاونت فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔رکن صوبائی اسمبلی نے کہا کہ وہ پاکستانی کمیونٹی سے متعلق معاملات اور کمیونٹی تک رسائی کے سلسلے میں قونصلیٹ جنرل کے ساتھ تعاون کیلئے تیار ہیں۔

