اوٹاوا میں پاکستان کا 79واں یومِ آزادی، قائداعظم کی 150ویں سالگرہ کی تقریبات

اوٹاوا (نمائندہ خصوصی) کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا میں پاکستان کا 79واں یومِ آزادی اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی 150ویں سالگرہ کے سلسلے میں سال بھر جاری رہنے والی تقریبات کا آغاز کردیا گیا۔

پاکستان ہائی کمیشن اوٹاوا اور مونٹریال، ٹورنٹو اور وینکوور میں پاکستان کے تینوں قونصلیٹ جنرلز کی جانب سے یومِ آزادی اور قائداعظم محمد علی جناح کی 150ویں سالگرہ کے سلسلے میں مختلف تقریبات کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔

اس سلسلے میں اوٹاوا میں پاکستان ہائی کمیشن کی عمارت میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کے شرکا کو صدر پاکستان، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کے خصوصی پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔

تقریب میں قائداعظم محمد علی جناح کی زندگی، قیادت اور قیام پاکستان کے لیے تاریخی جدوجہد کو اجاگر کرنے والی دستاویزی فلم دکھائی گئی، جبکہ قائداعظم کی زندگی کے اہم لمحات اور پاکستان کی تاریخ کے اہم سنگ میل کی عکاسی کرنے والی ڈیجیٹل تصویری نمائش بھی پیش کی گئی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے ہائی کمشنر محمد سلیم نے پاکستانی قوم کو 79ویں یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کی اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی لازوال میراث کو خراج عقیدت پیش کیا۔

ہائی کمشنر محمد سلیم نے پرامن، جمہوری اور خوشحال پاکستان کے حوالے سے قائداعظم کے وژن کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ریاستوں کے درمیان امن، بات چیت، تعاون اور باہمی احترام کے فروغ کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

انہوں نے کینیڈا میں مقیم پاکستانی تارکین وطن کے دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان روابط مضبوط بنانے میں کلیدی کردار کو بھی اجاگر کیا۔

تقریب میں گریٹر اوٹاوا کے علاقے سے پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں اور پاکستان کے خیر خواہوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ خاندانوں اور بالخصوص نوجوانوں کی بھرپور شرکت نے پاکستان سے محبت اور حب الوطنی کے جذبات کی عکاسی کی۔

شرکا نے پاکستان کے تحفظ اور قومی امنگوں کو آگے بڑھانے کے لیے مسلح افواج اور عوام کی بہادری اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر اس عزم کا بھی اظہار کیا گیا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی 150ویں سالگرہ کے سلسلے میں سال بھر جاری رہنے والی تقریبات کے ذریعے نئی نسل کو ان کے اصولوں، دور اندیشی اور پاکستان کے لیے ان کے وژن سے روشناس کرایا جائے گا۔