اوٹاوا:وفاق اوراونٹاریو کا ہاؤسنگ انفراسٹرکچر کیلئے 8.8 ارب ڈالر کا اعلان

اوٹاوا(نمائندہ خصوصی)وفاق اوراونٹاریو نے ہاؤسنگ کے شعبے کو فروغ دینے کیلئے 8.8 ارب ڈالر کی مشترکہ سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہےجس کا مقصد ترقیاتی اخراجات کم کر کے زیادہ گھروں کی تعمیرممکن بنانا ہے۔

وزیراعظم مارک کارنی، اونٹاریو کے پریمیئر ڈگ فورڈ اور ٹورنٹو کی میئر اولیویا چاؤ نے اس منصوبے کا اعلان کیا، جس کے تحت دونوں حکومتیں آئندہ 10 برسوں میں 4.4 ارب ڈالر فی کس خرچ کریں گی۔

یہ فنڈنگ وفاقی حکومت کے 51 ارب ڈالر کے “بلڈ کمیونٹیز سٹرونگ فنڈ” کے تحت دی جائیگی، جس کا مقصد بلدیاتی اداروں کو ترقیاتی فیس (ڈی سی) میں 50 فیصد تک کمی کرنے میں مدد دینا ہے۔

ڈگ فورڈ نے واضح کیا کہ جو شہر ترقیاتی فیس میں کمی کریں گے انہیں ہی فنڈز فراہم کیے جائیں گے، جبکہ ماہرین کے مطابق یہ فیسز حالیہ برسوں میں بڑھ کر گھروں کی قیمتوں میں اضافے کا سبب بنی ہیں۔

اس منصوبے کے تحت بلدیاتی اداروں کو اپنے ترقیاتی منصوبے پیش کرنا ہوں گے اور انہیں فنڈز کے حصول کیلئے 3 سال تک فیسوں میں 30 سے 50 فیصد کمی کرنا ہوگی۔حکام کے مطابق اس اقدام سے نئے گھروں کی لاگت میں تقریباً 2 لاکھ ڈالر تک کمی ممکن ہو سکتی ہے۔

دوسری جانب کینیڈا مارگیج اینڈ ہاؤسنگ کارپوریشن کے مطابق 2025 میں ملک بھر میں ہاؤسنگ تعمیرات میں 5.6 فیصد اضافہ ہوا، تاہم اونٹاریو میں کمی دیکھنے میں آئی، جبکہ آئندہ برسوں میں تعمیراتی رفتار سست رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

کنزرویٹو لیڈر پیئر پولی ایور نے حکومتی اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ملک کو بیانات نہیں بلکہ عملی نتائج درکار ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ ترقیاتی فیس میں کمی سے ہاؤسنگ لاگت کم کرنے میں مدد ملے گی، تاہم اس کے مکمل اثرات کا انحصار مارکیٹ کی صورتحال پر ہوگا۔