ایران جنگ میں شہری تنصیبات کو نشانہ نہ بنایا جائے:مارک کارنی

بریمپٹن( رائٹرز، اے ایف پی، سی بی سی، ایسوسی ایٹڈ پریس)کینیڈا کے وزیرِاعظم مارک کارنی نے امریکا اور اسرائیل کی ایران کے ساتھ جاری جنگ کے تناظر میں تمام فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ بین الاقوامی قوانین کا احترام کریں اور شہری آبادی یا بنیادی ڈھانچے کو نشانہ نہ بنائیں۔

بریَمپٹن میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کینیڈا توقع رکھتا ہے کہ ہر تنازع میں فریقین عالمی قوانین کی پابندی کریں، جس کا مطلب ہے کہ شہریوں اور سول انفراسٹرکچر کو نشانہ نہ بنایا جائے۔

مارک کارنی کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کو سخت دھمکیاں دی گئی ہیں، جن میں ایک بیان میں کہا گیا کہ “ایک پوری تہذیب آج رات ختم ہو سکتی ہے۔” کارنی نے کہا کہ اکثر اوقات عوامی بیانات اور پسِ پردہ سفارتکاری میں فرق ہوتا ہےاور ممکن ہے کہ صدر ٹرمپ اپنے اہداف حاصل کرنے کیلئے کسی معاہدے کی کوشش کر رہے ہوں۔

اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس بھی خبردار کر چکے ہیں کہ شہری تنصیبات کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قانون کی واضح خلاف ورزی ہوگی۔یاد رہے کہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں کے بعد خطے میں کشیدگی میں شدید اضافہ ہوا ہے، جبکہ ایران بھی میزائل اور ڈرون حملوں کے ذریعے جوابی کارروائیاں کر رہا ہے۔