ایران کا قطر میں گرفتار ایرانی پائلٹوں کو طبی علاج کیلئےوطن منتقل کرنے کا مطالبہ

تہران(ایرانی میڈیا+ایجنسیاں) ایران نے قطر میں گرفتار ایرانی پائلٹوں کو طبی علاج کیلئےایران منتقل کرنے کا مطالبہ کردیا۔ایرانی حکام کے مطابق پائلٹوں کو مارچ میں بحری علاقے میں گرفتار کیا گیا تھا اور گرفتاری کے وقت وہ بیمار اور زخمی حالت میں تھے۔ایرانی حکام نے مطالبہ کیا ہے کہ ریڈ کراس ایئر ایمبولنس کے ذریعے پائلٹوں کو قطر سے ایرانی اسپتال منتقل کرے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایران کا کہنا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جنگ کے آغاز میں ایک فوجی کارروائی کے دوران ایران کے دو لڑاکا طیاروں کو فضائی دفاعی نظام کے ذریعے نشانہ بنایا گیا تھا، جس کے بعد تین ایرانی پائلٹوں کو حراست میں لیا گیا۔

دوسری جانب قطر نے گزشتہ ہفتے ایرانی پائلٹوں کو حراست میں رکھنے کی تردید کی تھی۔ قطری حکام کا کہنا تھا کہ رواں سال کے اوائل میں قطری فضائی حدود کی خلاف ورزی کی گئی تھی، تاہم پائلٹس کے معاملے پر ایرانی وفد کے دورے کی دعوت بدستور موجود ہے۔