تہران(ایرانی میڈیا، رائٹرز، اے ایف پی، الجزیرہ، بی بی سی)ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا ہے کہ ایران کی بحریہ دشمنوں کو نئے نقصانات پہنچانے اور انہیں مزید شکست دینے کیلئے مکمل طور پر تیار ہے۔یومِ فوج کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے ایرانی مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ مسلط کردہ جنگ میں بھی فوج نے غیر معمولی جرات اور بہادری کے ساتھ وطن کا دفاع کیا۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی فوج نے امریکا اور اسرائیل کی جارحیت کے مقابلے میں اپنی سرزمین، سمندر اور قومی پرچم کا بھرپور دفاع کیا۔مجتبیٰ خامنہ ای کے مطابق عوامی حمایت اور مضبوط اتحاد کے ساتھ ایرانی فوج نے دیگر مسلح افواج کے ساتھ مل کر دشمن قوتوں کا مقابلہ کیا اور ان کی کمزوری دنیا کے سامنے بے نقاب کر دی۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی ڈرونز امریکی اور صہیونی دشمنوں پر بجلی بن کر گرتے ہیں جبکہ بحریہ ہر وقت نئی شکستیں دینے کیلئے تیار رہتی ہے۔سپریم لیڈر نے یومِ فوج کے موقع پر فوجی اہلکاروں، ان کے اہل خانہ اور ایرانی عوام کو مبارکباد بھی پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ پاسدارانِ انقلاب کی کامیابی ایرانی فوج کی تاریخ میں ایک اہم موڑ ثابت ہوئی، جس کے بعد فوج شاہی اثرات سے نکل کر عوام کے درمیان اپنی اصل جگہ پر آگئی۔مجتبیٰ خامنہ ای نے مختلف ادوار میں فوج کی قیادت کرنے والے شہید کمانڈرز کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا۔
اپنے پیغام کے اختتام پر انہوں نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے مسلط کردہ 40 روزہ جنگ میں ایرانی فوج نے بھرپور دفاع کیا اور خطے میں دشمن تنصیبات پر متعدد کامیاب جوابی کارروائیاں کیں، جبکہ فوج اور پاسدارانِ انقلاب کی مکمل ہم آہنگی نے دشمن کو بھاری نقصان پہنچایا۔

