تل ابیب (ایجنسیاں) ایران کے میزائل حملوں میں اسرائیل کے مختلف شہروں میں 6 شہری ہلاک اور 180 زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے 8 کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔
میزائل حملوں میں اسرائیلی ایٹمی مرکز ڈیمونا اور عراد شہر شدید متاثر ہوئے، جہاں ڈیمونا میں ایک ایرانی میزائل براہِ راست تین منزلہ عمارت سے ٹکرایا جس کے نتیجے میں متعدد عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔ حملے میں 51 افراد زخمی ہوئے جبکہ عراد میں 116 افراد زخمی ہوئے، جن میں سے 7 کی حالت تشویشناک ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق عراد پر حملے کے وقت مکینوں کیلئے کوئی الرٹ جاری نہیں کیا جا سکا۔ادھر حزب اللّٰہ نے شمالی اسرائیل میں فوجی اہداف کو راکٹ اور ڈرون حملوں سے نشانہ بنایا، جن میں اسرائیلی فوجیوں کے اجتماع اور بیرکس شامل ہیں۔
ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے کہا ہے کہ جنگ کا توازن بدل رہا ہے اور اسرائیلی فضائی دفاع پر کنٹرول کمزور ہوتا جا رہا ہے۔ دیمونا، بیر السبع اور ایلات پر حملوں میں سیکڑوں اسرائیلی ہلاک و زخمی ہوئے ہیں۔

