ایلون ٹیڈجو مسی ساگا کے نئے میئر منتخب، کیرولین پیرش اور بونی کرومبی کو شکست

مسی ساگا (اشرف خان لودھی سے) کینیڈا کے شہر مسی ساگا کے میئر کے انتخاب میں وارڈ 2 کے کونسلر ایلون ٹیڈجو نے بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے موجودہ میئر کیرولین پیرش اور سابق میئر بونی کرومبی کو شکست دے دی۔ اس کامیابی کو شہر کی سیاست میں بڑی تبدیلی اور نئی نسل کی قیادت کے آغاز کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

جاری کیے گئے غیر حتمی انتخابی نتائج کے مطابق ایلون ٹیڈجو 63 ہزار 508 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر رہے، جبکہ موجودہ میئر کیرولین پیرش 45 ہزار 178 ووٹوں کے ساتھ دوسرے اور سابق میئر بونی کرومبی 37 ہزار 477 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہیں۔ اس طرح ٹیڈجو نے دونوں مضبوط سیاسی حریفوں کو واضح برتری سے پیچھے چھوڑ دیا۔

ایلون ٹیڈجو 2022ء سے وارڈ 2 کے کونسلر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ میئر کے عہدے کیلئے یہ ان کی دوسری انتخابی کوشش تھی۔ اس سے قبل 2024ء کے ضمنی انتخاب میں بھی انہوں نے حصہ لیا تھا، تاہم اس وقت وہ کیرولین پیرش کے بعد دوسرے نمبر پر رہے تھے۔ پیرش نے اس انتخاب میں 31 فیصد جبکہ ٹیڈجو نے 25 فیصد ووٹ حاصل کیے تھے۔

حالیہ انتخابی مہم کے ابتدائی مراحل میں ٹیڈجو کو اپنی دونوں بڑی حریف امیدواروں کے مقابلے میں نسبتاً کم حمایت حاصل تھی، تاہم انتخابی مہم آگے بڑھنے کے ساتھ ان کی مقبولیت میں نمایاں اضافہ ہوا۔ انہوں نے شہر کے انتظامی معاملات، بڑھتے ہوئے پراپرٹی ٹیکس اور بلدیاتی اخراجات کو اپنی انتخابی مہم کا اہم حصہ بنایا اور مؤقف اختیار کیا کہ مسی ساگا کو سٹی ہال میں نئی قیادت اور حکمرانی کے نئے انداز کی ضرورت ہے۔

دوسری جانب کیرولین پیرش اور بونی کرومبی کے درمیان انتخابی مہم کے دوران مختلف معاملات پر اختلافات بھی سامنے آئے۔ دونوں امیدواروں کے درمیان سیاسی مقابلے اور ایک دوسرے پر تنقید نے انتخابی مہم کو خاصا دلچسپ بنا دیا، جبکہ ایلون ٹیڈجو نے خود کو دونوں کے متبادل کے طور پر پیش کرتے ہوئے تبدیلی کے خواہش مند ووٹرز کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کی، جو بالآخر کامیابی میں تبدیل ہوگئی۔

اس انتخاب کو مسی ساگا کی کئی دہائیوں پر محیط روایتی سیاسی قیادت میں بڑی تبدیلی قرار دیا جا رہا ہے۔ شہر میں آنجہانی ہیزل میک کلیئن نے مسلسل 36 سال تک میئر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں، جس کے بعد بھی تجربہ کار سیاسی شخصیات کا اثر و رسوخ برقرار رہا۔ بونی کرومبی نے 2014ء سے 2024ء تک شہر کی میئر کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھائیں، جبکہ کیرولین پیرش 2024ء کے ضمنی انتخاب میں کامیابی کے بعد اس منصب پر فائز ہوئی تھیں۔

بونی کرومبی اس سے قبل اونٹاریو لبرل پارٹی کی سربراہ بھی رہ چکی ہیں۔ انہوں نے صوبائی سیاست سے علیحدگی کے بعد دوبارہ بلدیاتی سیاست میں واپسی کرتے ہوئے میئر کا انتخاب لڑا، تاہم وہ کامیابی حاصل نہ کر سکیں۔

ایلون ٹیڈجو کی کامیابی کو محض میئر کے انتخاب میں فتح نہیں بلکہ مسی ساگا کے سیاسی مستقبل میں ایک نئی سمت کے تعین کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے۔ ان کی انتخابی مہم میں ٹیکسوں کے بوجھ میں کمی، سرکاری اخراجات پر نظرثانی اور شہری انتظامیہ میں تبدیلی کے وعدے نمایاں رہے، جنہوں نے ووٹرز کی توجہ حاصل کی۔