منامہ، کویت سٹی (رائٹرز، الجزیرہ) ایران نے کویت میں امریکی ڈرون اور میزائل تنصیبات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ بحرین نے بھی بدھ کو ایرانی فضائی حملے روکنے کا اعلان کیا۔
ایرانی فوج کے مطابق اس نے کویت کے علی السالم ایئر بیس پر امریکی ڈرون اور میزائل تنصیبات کو نشانہ بنایا۔ کویتی فوج نے تصدیق کی کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے دشمن ڈرون حملوں کا مقابلہ کیا، تاہم حملوں کا ذمہ دار کسی ملک کو قرار نہیں دیا۔
دوسری جانب بحرین کی دفاعی فورس نے کہا کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے بدھ کو متعدد ایرانی فضائی حملے ناکام بنائے۔ بحرین کی وزارت داخلہ نے شہریوں کو دو مرتبہ خطرے سے متعلق انتباہ جاری کرتے ہوئے قریبی محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی ہدایت کی، بعدازاں دونوں مرتبہ خطرہ ٹلنے کا اعلان کیا گیا۔
اس سے ایک روز قبل ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے بحرین کے شیخ عیسیٰ ایئر بیس پر امریکی فوج کے ریڈار نظام کو ڈرون حملوں سے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔ بحرین اور امریکی حکام کے مطابق ڈرونز کو ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی روک لیا گیا اور کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
امریکی سینٹرل کمانڈ نے بھی ایرانی دعوے کے برعکس کہا تھا کہ امریکی تنصیبات کو کوئی نقصان نہیں پہنچا اور نہ ہی امریکی اہلکار زخمی ہوئے۔
خلیجی خطے میں کشیدگی کے دوران ایران، امریکا اور خطے کے ممالک کے درمیان حملوں اور جوابی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت اور تیل کی ترسیل بھی متاثر ہو رہی ہے۔

