برامپٹن کے میئر پیٹرک براؤن کی حمایت میں پیل پیرا میڈکس یونین کا اعلان

برامپٹن (نمائندہ خصوصی) پیل پیرا میڈکس یونین نے برامپٹن کے میئر پیٹرک براؤن کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پیل کے ہنگامی طبی امداد کے نظام کے تحفظ، محاذِ اول پر خدمات انجام دینے والے کارکنوں اور مریضوں کی ضروریات کیلئے ان کی قیادت کو سراہتی ہے۔

پیل پیرا میڈکس یونین، جو اونٹاریو پبلک سروس ایمپلائیز یونین کی مقامی شاخ 277 ہے، کے نمائندے ڈیو ویکلی نے کہا کہ پیل کے پیرا میڈکس اور ایمبولینس لاجسٹکس ٹیکنیشنز پیٹرک براؤن کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ ان کے مطابق براؤن ایسی ٹیم کی قیادت کرتے ہیں جو برامپٹن کے شہریوں کے لیے عملی نتائج فراہم کرتی ہے اور یونین کے ارکان اور مریضوں کی ضروریات کو سمجھتے ہیں۔

ڈیو ویکلی نے مزید کہا کہ جب پیل کے علاقائی نظام کو الگ کرنے کی تجویز سے طبی امداد کی خدمات متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوا تو پیٹرک براؤن صوبے میں ان نمایاں آوازوں میں شامل تھے جنہوں نے شہریوں کو عالمی معیار کی پیرا میڈیکل سروس فراہم کرنے کے نظام کو برقرار رکھنے کی حمایت کی۔

پیٹرک براؤن نے حمایت کے اعلان پر ڈیو ویکلی اور یونین کے ارکان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پیرا میڈکس اور ایمبولینس لاجسٹکس ٹیکنیشنز شہریوں کو ضرورت کے مشکل ترین لمحات میں اہم طبی امداد فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی حمایت اور برادری کیلئےان کی خدمات پر شکر گزار ہیں۔

پیل پیرا میڈکس یونین پیل ریجن میں ہنگامی طبی امداد کی فراہمی میں معاونت کرنے والے پیرا میڈکس اور ایمبولینس لاجسٹکس ٹیکنیشنز کی نمائندگی کرتی ہے۔برامپٹن میں بلدیاتی انتخابات 26 اکتوبر 2026 کو ہوں گے۔ پیٹرک براؤن کی انتخابی مہم اور منشور سے متعلق مزید معلومات ان کی انتخابی ویب سائٹ ووٹ پیٹرک براؤن ڈاٹ کام پر دستیاب ہیں۔