برامپٹن کے میئر پیٹرک براؤن کی دوبارہ انتخابی مہم کی ٹرانزٹ ورکرز یونین نے حمایت کردی

برامپٹن (نمائندہ خصوصی) برامپٹن کے میئر پیٹرک براؤن کو میئر کے طور پر دوبارہ انتخاب کیلئے ٹرانزٹ ورکرز کی یونین اے ٹی یو لوکل 1573 کی حمایت حاصل ہوگئی۔

اے ٹی یو لوکل 1573 کے صدر اینڈریو سلابی نے ویڈیو پیغام میں پیٹرک براؤن کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یونین برامپٹن کے ٹرانزٹ ورکرز کی نمائندگی کرتی ہے اور میئر پیٹرک براؤن کی مکمل حمایت اور توثیق کرتی ہے۔

اینڈریو سلابی کے مطابق پیٹرک براؤن نے ہمیشہ مزدور تحریک کا ساتھ دیا اور برامپٹن کے محنت کش ٹرانزٹ ورکرز کے مفادات کیلئے کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میئر براؤن نے متعدد مواقع پر عوامی ٹرانزٹ میں سرمایہ کاری اور ٹرانزٹ ورکرز کی حمایت کیلئے اقدامات کیے، جس پر یونین ان کی حمایت کرتی ہے۔

پیٹرک براؤن نے اے ٹی یو لوکل 1573 اور اس کے صدر اینڈریو سلابی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ٹرانزٹ ورکرز ہر روز برامپٹن کو متحرک رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اے ٹی یو لوکل 1573 کے صدر اور ارکان کی حمایت پر وہ شکر گزار ہیں، ٹرانزٹ ورکرز کی خدمات شہر بھر کے خاندانوں کیلئےاہم ہیں اور وہ برامپٹن کے عوام کیلئےٹرانزٹ سروس فراہم کرنیوالے افراد کی حمایت جاری رکھیں گے۔