سکردو(الپائن کلب آف پاکستان، خبر ایجنسیاں)الپائن کلب آف پاکستان کے صدر نے کہا ہے کہ براڈ پیک کی تاریخ کے بدترین حادثات میں سے ایک پیش آیا، جس میں اب تک 9 کوہ پیماؤں کی لاشوں کا سراغ لگایا جا چکا ہے، جبکہ دو لاپتا افراد کی تلاش جاری ہے۔
میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے صدر الپائن کلب نے بتایا کہ ریسکیو آپریشن کے پہلے روز دو کوہ پیماؤں کی لاشیں نکالی گئیں، جبکہ تیسرے لاپتا کوہ پیما کے کچھ جسمانی اعضا برآمد ہوئے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ پہلے روز نیپال سے تعلق رکھنے والے ایک کوہ پیما اور عمان سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون کوہ پیما کی لاشیں منتقل کی گئیں، جبکہ پاک فوج نے ریسکیو آپریشن کیلئے ہیلی کاپٹر فراہم کیے، جن کے ذریعے مجموعی طور پر پانچ لاشیں منتقل کی گئیں۔صدر الپائن کلب کے مطابق آج مزید چار نیپالی اور ایک چینی کوہ پیما کی لاشیں منتقل کی گئیں۔
انہوں نے بتایا کہ ایک اور کوہ پیما کی لاش کی نشاندہی ہو چکی ہے، تاہم وہ انتہائی دشوار گزار اور ناقابلِ رسائی مقام پر موجود ہے، جس کے باعث اسے منتقل نہیں کیا جا سکا، جبکہ مزید دو لاپتا کوہ پیماؤں کی تلاش کیلئےریسکیو آپریشن بدستور جاری ہے۔

