نئی دہلی (بھارتی میڈیا) برکس سربراہی اجلاس کے دوران غیر ملکی رہنماؤں کی تقاریر کے وقت میوے کھانے والے بھارتی اعلیٰ حکام کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں، جس کے بعد انہیں طنز و تنقید کا سامنا ہے۔
وائرل ویڈیو میں بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال کو ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی تقریر کے دوران میز پر رکھے میووں کے ڈبے سے بار بار میوے نکال کر کھاتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو میں وہ انگلیاں چاٹنے کے بعد دوبارہ میوے لینے کیلئےہاتھ بڑھاتے بھی نظر آئے۔
رندھیر جیسوال کے علاوہ بھارتی قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول کی ویڈیو بھی سامنے آئی، جس میں انہیں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی تقریر کے دوران خشک میوے کھاتے دیکھا گیا۔
ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین نے بھارتی حکام کے انداز کو سفارتی آداب کے تناظر میں تنقید کا نشانہ بنایا، جبکہ بعض صارفین نے دفاع کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس طویل ہونے کے باعث حکام کا دورانِ اجلاس کچھ کھانا معمول کی بات ہے۔
واضح رہے کہ برکس کا 18واں سربراہی اجلاس 12 اور 13 ستمبر کو نئی دہلی میں منعقد ہوا، جس میں چین کے صدر شی جن پنگ، روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن اور ایران کے صدر مسعود پزشکیان سمیت رکن ممالک کے رہنماؤں نے شرکت کی۔

