بشریٰ بی بی کی بینائی متاثر، آنکھوں کے علاج اور سرجری کیلئے اسپتال منتقلی کی درخواست دائر

اسلام آباد (نامہ نگار) بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے آنکھوں کے علاج اور ممکنہ سرجری کیلئےاڈیالہ جیل سے اسپیشلائزڈ اسپتال منتقل کرنے کی درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کردی۔

یہ درخواست سینئر وکیل سردار لطیف کھوسہ اور بیرسٹر سلمان صفدر کے توسط سے جمع کرائی گئی، جس میں عدالت سے بشریٰ بی بی کا مکمل طبی ریکارڈ پیش کرنے اور انہیں فوری طور پر کسی مستند خصوصی اسپتال منتقل کرنے کے احکامات جاری کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

درخواست کے مطابق 10 نومبر کو اڈیالہ جیل میں ملاقات کے دوران عمران خان نے بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق تشویش کا اظہار کیا تھا۔ بشریٰ بی بی نے وکلا کو بتایا کہ ان کی بینائی شدید متاثر ہوچکی ہے، عینک کے بغیر انہیں دکھائی نہیں دیتا جبکہ عینک لگانے کے باوجود سامنے بیٹھے افراد بھی انہیں واضح نظر نہیں آتے اور محض سیاہ دھندلے ہیولوں کی طرح دکھائی دیتے ہیں۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی کی دونوں آنکھوں میں موتیے کی تشخیص ہوئی ہے اور ڈاکٹروں نے انہیں مزید سرجری کا مشورہ دیا ہے۔ انہیں بتایا گیا ہے کہ آپریشن کے بعد انفیکشن ہونے کی صورت میں بینائی مکمل طور پر ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔

درخواست کے مطابق انہیں آنکھوں میں شدید درد بھی رہتا ہے اور وہ درد کم کرنے کے لیے روزانہ پیناڈول اور ٹونوفلیکس استعمال کر رہی ہیں۔ جیل حکام کو شکایت کے باوجود ماہر ڈاکٹروں نے 7 سے 8 روز بعد ان کا معائنہ کیا۔

وکلا نے درخواست میں جیل کے کمرے کی صفائی اور حفظانِ صحت کے انتظامات پر بھی تحفظات ظاہر کیے ہیں۔ مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ کمرے میں حشرات، کاکروچ اور سنڈیاں موجود ہیں، جبکہ ماضی میں وہاں سے 7 چھوٹے سانپ بھی نکلے تھے۔ درخواست گزار کے مطابق ایسی صورتحال میں سرجری کے بعد انفیکشن کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ بشریٰ بی بی کا مکمل طبی ریکارڈ پیش کرنے، تمام ضروری طبی و جراحی سہولتیں فراہم کرنے اور انہیں فوری طور پر کسی خصوصی اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا جائے۔