کوئٹہ( نمائندہ خصوصی)بلوچستان کے ضلع واشک کی تحصیل ماشکیل میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے دکان پر کام کرنے والے 5 مزدور جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے پانچوں مزدور صوبے سے باہر کے رہائشی تھے اور روزگار کے سلسلے میں ماشکیل آئے ہوئے تھے۔ ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد مقتولین کی میتیں ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کی جا رہی ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔
معاونِ وزیراعلیٰ بلوچستان برائے اطلاعات شاہد رند نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لے کر تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بے گناہ شہریوں کے قتل میں ملوث عناصر قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے، جبکہ حکومت متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔

