بھارت میں 31 کروڑ کے زیورات کی ڈکیتی، یوٹیوبر کا والد اور گرل فرینڈ گرفتار

مدورائی (خبر ایجنسیاں) بھارتی ریاست تامل ناڈو کے شہر مدورائی میں زیورات کی بڑی ڈکیتی کے مقدمے میں پولیس نے مرکزی ملزم یوٹیوبر نشانت کے والد سریش اور اس کی گرل فرینڈ سوشل میڈیا انفلوئنسر میناکشی کو گرفتار کرلیا، تاہم مرکزی ملزم تاحال مفرور ہے۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق مدورائی بائی پاس روڈ پر واقع تنشک کے نئے شوروم میں 12 نومبر کو چوری کی واردات سامنے آئی تھی۔ پولیس کے مطابق چور شوروم سے 11 کلو 465 گرام سونے کے زیورات اور تقریباً 15 کروڑ بھارتی روپے مالیت کے ہیرے کے زیورات لے گئے۔ مجموعی طور پر چوری شدہ زیورات کی مالیت تقریباً 31 کروڑ بھارتی روپے بتائی گئی ہے۔

پولیس نے واردات کی تحقیقات کے لیے 9 خصوصی ٹیمیں تشکیل دیں۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کے جائزے سے معلوم ہوا کہ مرکزی ملزم نشانت نے واردات سے قبل مختلف حلیوں میں تین مرتبہ شوروم کا دورہ کیا تھا اور گاہک بن کر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا تھا۔

تحقیقات کے مطابق ملزم نے شوروم کی عمارت میں جاری تعمیراتی کام سے فائدہ اٹھایا۔ لفٹ کی تنصیب کے لیے بنائے گئے راستے اور وہاں موجود رسی کے ذریعے عمارت میں داخل ہوکر زیورات چوری کیے۔ واردات کے بعد وہ اسکوٹر پر فرار ہوگیا۔

پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے نشانت کے والد سریش اور اس کی قریبی دوست میناکشی کو گرفتار کرلیا۔ میناکشی سوشل میڈیا پر مصنوعات کے تعارف اور تشہیری ویڈیوز بھی بناتی ہے۔ پولیس کے مطابق دونوں گرفتار افراد کے ڈکیتی میں مبینہ کردار کی تحقیقات جاری ہیں، جبکہ نشانت کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

پولیس نے اب تک تقریباً 6 کلو سونے کے زیورات برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ تفتیش کاروں کو شبہ ہے کہ ملزم نے واردات کے دوران پہنے ہوئے کپڑے اپنے خاندان کی زمین پر جلا دیے تھے تاکہ شواہد مٹائے جا سکیں۔ پولیس نے سی سی ٹی وی ریکارڈنگ اور دیگر شواہد کی مدد سے اس کی نقل و حرکت کا سراغ لگانے کی کوششیں تیز کردی ہیں۔

واردات کے باعث شوروم سے زیورات خریدنے والے بعض گاہک بھی متاثر ہوئے، جنہوں نے ادائیگی کے بعد زیورات وصول کرنا تھے، تاہم چوری کے باعث ان کی خریداری کی اشیا بھی غائب ہوگئیں۔ پولیس کی تحقیقات جاری ہیں اور مرکزی ملزم کی گرفتاری کے لیے تلاش کا عمل جاری ہے۔