بھارت میں گرل فرینڈ کے ساتھ گاڑی میں سوار شوہر کی بیوی کو کچلنے کی کوشش

میرٹھ (این ڈی ٹی وی) بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع میرٹھ میں شوہر کو مبینہ گرل فرینڈ کے ساتھ گاڑی میں دیکھ کر روکنے والی بیوی کو شوہر نے گاڑی کے بونٹ پر لٹکنے کے باوجود کئی سو میٹر تک گاڑی چلا دی۔

واقعے کی ایک ویڈیو راہ گیر نے بنائی، جس میں خاتون گاڑی کے بونٹ سے چمٹی ہوئی نظر آتی ہے جبکہ اس کا شوہر گاڑی چلاتا دکھائی دیتا ہے۔ مقامی افراد کی جانب سے گاڑی کا تعاقب کرکے روکنے کی کوشش کے بعد ٹریفک جام کے باعث گاڑی کی رفتار کم ہوئی تو شوہر اور اس کے ساتھ موجود خاتون کو قابو کرلیا گیا۔

مقامی ذرائع کے مطابق خاتون اپنے شوہر کو دوسری خاتون کے ساتھ گاڑی میں دیکھ کر مشتعل ہوگئی اور گاڑی کے سامنے کھڑی ہوگئی۔ شوہر نے گاڑی آگے بڑھانے کی کوشش کی تو خاتون نے جان بچانے کیلئےبونٹ پر لیٹنے کی کوشش کی، تاہم شوہر نے گاڑی چلانا جاری رکھا جبکہ دوسری خاتون بھی گاڑی میں موجود تھی۔

خاتون نے لوہیا نگر تھانے میں تحریری شکایت درج کراتے ہوئے الزام عائد کیا کہ شوہر اور اس کی مبینہ گرل فرینڈ نے اسے جان سے مارنے کی نیت سے گاڑی تلے کچلنے کی کوشش کی۔خاتون نے مزید الزام لگایا کہ دونوں نے اسے جھاڑیوں میں دھکا دیا، گلا دبانے کی کوشش کی اور گالم گلوچ کے بعد موقع سے فرار ہوگئے۔

علاقہ افسر کوتوالی سنگرام سنگھ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ شوہر نے مبینہ طور پر خاتون کو گاڑی تلے کچل کر قتل کرنے کی کوشش کی۔پولیس کے مطابق گاڑی قبضے میں لے کر شوہر اور اس کی مبینہ گرل فرینڈ کو گرفتار کرلیا گیا ہے، دونوں کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔