ممبئی( الجزیرہ، رائٹرز، اے پی، ٹائمز آف انڈیا، اکنامک ٹائمز)بھارتی فلمی دنیا کی لیجنڈری گلوکارہ آشا بھوسلے 92 برس کی عمر میں ممبئی میں انتقال کرگئیں۔بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق آشا بھوسلے کو شدید تھکن اور سینے کے انفیکشن کے باعث ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال میں داخل کیا گیا تھا، جہاں وہ دورانِ علاج دم توڑ گئیں۔
طبی حکام کے مطابق ان کی موت متعدد اعضا کے کام چھوڑ جانے (ملٹی پل آرگن فیلیر) کے باعث ہوئی۔ان کے بیٹے آنند بھوسلے نے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ آخری رسومات ممبئی میں ادا کی جائیں گی۔رائٹرز کے مطابق آشا بھوسلے نے آٹھ دہائیوں پر محیط اپنے کیریئر میں ہزاروں گانے ریکارڈ کیے اور وہ بھارتی موسیقی کی تاریخ کی سب سے بااثر آوازوں میں شمار ہوتی تھیں۔
انہوں نے فلمی گیتوں، غزل، قوالی اور پاپ موسیقی سمیت مختلف اصناف میں اپنی منفرد پہچان بنائی اور 12 ہزار سے زائد گانے ریکارڈ کیے۔بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سمیت سیاسی و ثقافتی شخصیات نے ان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور اسے بھارتی موسیقی کے ایک عہد کا خاتمہ قرار دیا۔واضح رہے کہ آشا بھوسلے نے 1943 میں کم عمری میں اپنے فنی سفر کا آغاز کیا اور بعد ازاں دادا صاحب پھالکے ایوارڈ اور پدم وبھوشن سمیت متعدد اعزازات حاصل کیے۔

