تل ابیب: جنگ مخالف مظاہرے، پولیس سے جھڑپیں، متعدد افراد گرفتار

تل ابیب (رائٹرز، اے ایف پی)تل ابیب میں ایران کیخلاف جاری جنگ کیخلاف مظاہرے کے دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں اور متعدد افراد کو گرفتار کر لیا گیا، حالانکہ ہائی کورٹ نے احتجاج کی اجازت دے رکھی تھی۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق سیکڑوں افراد جنگ مخالف ریلی میں شریک ہوئے، جسے حکام نے سکیورٹی وجوہات کی بنا پر محدود کرنے کی کوشش کی، تاہم مظاہرین نے احتجاج جاری رکھا۔رپورٹس کے مطابق اسرائیلی پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے طاقت کا استعمال کیا، کئی افراد کو زمین پر گرا دیا گیا جبکہ کم از کم درجن بھر مظاہرین کو حراست میں لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق جنگی حالات کے باعث اسرائیل میں بڑے اجتماعات پر پابندی عائد ہے، تاہم اس کے باوجود مختلف شہروں میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔مظاہرین نے وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو کی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے جنگ کے خاتمے اور سفارتی حل کی اپیل کی۔

رائٹرز اور دیگر ذرائع کے مطابق اسرائیلی انٹیلی جنس حکام کا ماننا ہے کہ ایران کے پاس اب بھی ایک ہزار سے زائد بیلسٹک میزائل موجود ہیں جو اسرائیل کو نشانہ بنا سکتے ہیں، جس کے باعث سکیورٹی خدشات برقرار ہیں۔دوسری جانب بعض کارکنوں نے الزام عائد کیا ہے کہ پولیس نے میزائل حملے کے خدشے کے دوران حراست میں لیے گئے مظاہرین کو محفوظ مقام پر جانے سے بھی روکا، جس پر انسانی حقوق کے حوالے سے سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔