تمام جماعتوں نے اداروں کو برا کہا سیاست میں گھسیٹا : فیصل واوڈا

اسلام آباد: سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ حکومت نے کنٹینر لگا کر موبائل سگنلز بند کرکے خود ہلچل مچادی۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ حکومت کنٹینر لگا کر راستے بند کردیتی ہے جس کو نہیں بھی پتا ہوتا اس کو علم ہوجاتا ہے، پہلے ہی لوگوں کو روکنے کی کیا ضرورت تھی، کنٹینر لگنے کی وجہ سے عام شہری بھی پریشان ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو کون سمجھائے ناکام اسٹریٹیجی سے آپ خود پی ٹی آئی کی مارکیٹنگ کررہے ہیں، حکومتی پالیسی کی وجہ سے پی ٹی آئی کو بوسٹ ملتا ہے۔فیصل واوڈا نے کہا کہ قانون ہے ڈی چوک پر آنا ممنوع ہے، جو لوگ ڈی چوک آتے ہیں انہیں گرفتار کریں قانون کے مطابق سزا دیں۔سینیٹر کا کہنا تھا کہ حکومت احتجاج کیلئےجگہ دیتی تو پھر حالات اس قسم کے نہ ہوتے۔

انہوں نے کہا کہ کل پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ علی امین گنڈا پور ڈی چوک نہیں آئیں گے واپس چلے جائیں گے، پی ٹی آئی وہی کام کررہی ہے جو آئی ایم ایف کو خط لکھ کر ملک کو نقصان پہنچایا۔

سینیٹر نے کہا کہ جب بھی پاکستان میں اہم شخصیات آتی ہیں پی ٹی آئی احتجاج کیلئے آجاتی ہے، ان کا احتجاج پانی کا بلبلا ثابت ہوا، عوام انتشار کی سیاست کیلئے نہیں نکلے۔

فیصل واوڈا نے مزید کہا کہ معیشت جب بھی بہتر ہونے لگتی ہے پی ٹی آئی حملہ آور ہوجاتی ہے، تمام جماعتوں نے اداروں کو برا کہا سیاست میں گھسیٹا لیکن پی ٹی آئی دس قدم آگے چلی گئی۔

اپنا تبصرہ لکھیں