تہران: آبنائے ہرمز سے تحویل میں لئے اسرائیلی جہاز کی تصاویر جاری

تہران(ایرانی میڈیا، الجزیرہ)ایران نے آبنائے ہرمز میں تحویل میں لیے گئے اسرائیل سے منسلک جہاز کی تصاویر جاری کر دی ہیں۔ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کی کارروائی کی تصاویر میں اسرائیلی شپنگ کمپنی سے وابستہ جہاز کو قبضے میں لیتے ہوئے مناظر دکھائے گئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاسداران انقلاب نے حالیہ دنوں میں آبنائے ہرمز میں دو جہازوں کو روکا اور تحویل میں لیا، جن میں ایم ایس سی فرانسیسکا بھی شامل ہے۔ ایران کا مؤقف ہے کہ یہ جہاز بغیر اجازت داخل ہوئے، نیویگیشن سسٹم میں مداخلت کی اور خفیہ طور پر گزرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

الجزیرہ کے مطابق ایران نے 22 اپریل کو دو غیر ملکی کنٹینر جہازوں کو قبضے میں لیا جبکہ ایک اور جہاز پر فائرنگ بھی کی گئی۔ اس سے قبل امریکا نے بھی ایک ایرانی جہاز کو روک کر قبضے میں لیا تھا جسے ایران نے سمندری قزاقی قرار دیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے باعث آبنائے ہرمز ایک بار پھر عالمی توجہ کا مرکز بن چکی ہے اور حالیہ کارروائیوں نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔

ایران کا کہنا ہے کہ اس نے مارچ کے آغاز میں آبنائے ہرمز پر پابندیاں عائد کرتے ہوئے شرط رکھی تھی کہ صرف اس کی اجازت سے ہی جہاز گزر سکتے ہیں، جبکہ امریکا کا دعویٰ ہے کہ اس نے متعدد ایرانی یا ایران سے منسلک جہازوں کا راستہ تبدیل کروایا ہے۔