واشنگٹن(سی این این، خبر ایجنسیاں)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس دعوے کے باوجود کہ ایران کے ساتھ معاہدہ طے پا چکا ہے، سینئر خلیجی حکام نے کہا ہے کہ جمعے کو امریکا اور ایران کے درمیان معاہدہ ہونے کے امکانات تاحال ففٹی ففٹی ہیں۔
سی این این کے مطابق خلیجی حکام کا کہنا ہے کہ ایرانی وفد میں پاسدارانِ انقلاب کی نمائندگی شامل نہیں، جبکہ کسی بھی عبوری معاہدے کی حتمی منظوری پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے دی جانی ہے، جس کے باعث معاہدے کے بارے میں حتمی پیش گوئی قبل از وقت ہوگی۔
اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ امریکی حکام کی ایرانی حکام کے ساتھ بہت اچھی بات چیت جاری ہے، تاہم انہوں نے خبردار بھی کیا تھا کہ اگر اس مرتبہ ایرانی حکام معاہدے سے پیچھے ہٹے تو امریکا ایران کے خلاف سخت کارروائی کرے گا۔ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ اشارہ بھی دیا تھا کہ آبنائے ہرمز سے متعلق کوئی معاہدہ جلد طے پا سکتا ہے۔
دوسری جانب ایران مسلسل اس بات کی تردید کرتا آ رہا ہے کہ وہ واشنگٹن کے ساتھ براہِ راست مذاکرات کر رہا ہے۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ وہ آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کے معاملات پر صرف عمان کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ عمان اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات مستقبل میں امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ مذاکرات کی راہ ہموار کر سکتے ہیں۔

