لندن (بی بی سی)برطانوی اداکار اور کامیڈین رسل برانڈ کی اہلیہ لورا برانڈ نے عدالت میں اپنے شوہر کو خیال رکھنے والا، مہربان اور بچوں کے لیے بہترین باپ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں کے درمیان محبت اور اعتماد کا مضبوط رشتہ ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق لورا برانڈ نے جمعرات کو لندن کی ساؤتھ وارک کراؤن کورٹ میں گواہی دیتے ہوئے کہا کہ ان کے شوہر انہیں سمجھتے ہیں اور ان کی ضروریات اور خواہشات کا احترام کرتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ان کی ملاقات رسل برانڈ سے 2006ء میں ایڈنبرا میلے کے دوران ہوئی تھی اور دونوں کے درمیان جلد ہی تعلق قائم ہوگیا تھا۔ لورا نے تسلیم کیا کہ اس دوران رسل برانڈ کے دوسری خواتین کے ساتھ بھی جنسی تعلقات رہے، جس کے باعث ان کے درمیان اختلافات پیدا ہوئے تھے۔
ان کے مطابق دونوں نے 2015ء میں دوبارہ تعلق شروع کیا اور 2017ء میں شادی کرلی۔ اب ان کے تین بچے ہیں۔لورا برانڈ نے عدالت کو بتایا کہ جب وہ کبھی اپنے شوہر کے ساتھ جنسی تعلق قائم کرنے کی خواہش نہیں رکھتیں تو رسل برانڈ ان کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔
مقدمے کی سماعت کے دوران رسل برانڈ کی دو سابقہ گرل فرینڈز کے بیانات بھی پیش کیے گئے۔ ان میں سے ایک نے انہیں نرم دل اور محبت کرنے والا شخص قرار دیا، جبکہ دونوں نے اداکار کے دوسری خواتین کے ساتھ تعلقات کا بھی ذکر کیا۔
واضح رہے کہ رسل برانڈ پر 1999ء سے 2009ء کے دوران چھ خواتین کی جانب سے جنسی زیادتی اور جنسی حملوں کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ ان الزامات کے منظر عام پر آنے میں خواتین کے جنسی استحصال کے خلاف شروع ہونے والی می ٹو تحریک نے بھی اہم کردار ادا کیا۔
رسل برانڈ تمام الزامات مسترد کرتے ہوئے خود کو بے قصور قرار دے چکے ہیں۔ انہوں نے ایک روز قبل عدالت میں بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ جنسی تعلق میں رضامندی بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔
مقدمے کی کارروائی تاحال جاری ہے اور فراہم کردہ رپورٹ کے مطابق جیوری کی جانب سے فیصلے پر غور منگل سے شروع کیے جانے کا امکان ہے۔

