ورکنگ جرنلسٹوں کے ساتھ ساتھ تمام اخباری کارکن حسین نقی مرحوم کے ہمیشہ احسان مند رہیں گے۔ انہوں نے زندگی کے آخری ایام تک ان کے حقوق کے لیے انہیں تنظیم سازی کا شعور دیا۔ نیوز پیپر ایمپلائز ویج ایوارڈ پر بھلے عمل ہو نہ ہو لیکن اخباری صنعت کے تمام کارکنوں کے لیے 1974 کے ایکٹ آف پارلیمنٹ کے ذریعے آئینی تحفظ دلانا، منہاج برنا، حفیظ راقب، حسین نقی اور نثار عثمانی جیسے ٹریڈ یونین رہنماؤں کی سوچ کا نتیجہ تھا۔
نوائے وقت میں ڈیزائننگ سیکشن کے انچارج رانا زاہد اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے حوالے سے اپنے ساتھیوں سمیت لاہور پریس کلب کی ممبرشپ کے لیے خواہش مند تھے۔ ایک روز نقی صاحب سے وقت لے کر رانا صاحب کو ماڈل ٹاؤن میں ان کی رہائش گاہ پر لے گیا۔ نقی صاحب نے ان کی ڈیمانڈ سن لینے کے بعد رہنمائی فرمائی کہ آپ لوگ سب سے پہلے آنریری ممبرشپ کے لیے پریس کلب کی انتظامیہ سے رجوع کریں، اس کے بعد میں اس عمل کو آگے بڑھانے میں خود آپ کی مدد کروں گا۔ 2019 یا 20 کی بات ہے، رانا زاہد کی زندگی نے وفا نہ کی اور وہ کینسر کے مرض میں مبتلا ہو کر اچانک دنیا سے رخصت ہو گئے۔
حسین نقی اپنی قابلیت، جرأتِ اظہار اور جدوجہد کی وجہ سے ہر دور میں حریت اور آزادی کے پاسدار جانے جاتے تھے۔ کبھی کسی منصب یا دباؤ کو خاطر میں نہ لائے۔ یہی وجہ تھی کہ جس وقت 1970 میں ذوالفقار علی بھٹو اپنی جماعت پیپلز پارٹی کا ترجمان اخبار مساوات لانچ کر رہے تھے، اس کے تمام انتظامات نقی صاحب کے ذمہ تھے۔ ملک بھر سے انہوں نے صحافیوں، نامہ نگاروں، بیورو دفاتر کی ٹیم کا انتخاب مکمل کر لیا تو بھٹو صاحب نے ایک میٹنگ رکھی۔ نقی صاحب نے ایک انٹرویو کے دوران بتایا کہ پی پی پی کے ایک سابق ایم پی اے ملک شاہ دین، جو کاغذ کے کاروبار سے منسلک تھے، کی رہائش گاہ واقع موہنی روڈ لاہور پر بھٹو صاحب تشریف لائے اور انتظامات کا تفصیل کے ساتھ جائزہ لیا۔ جس کے بعد انہوں نے مجھ سے مخاطب ہو کر کہا کہ نقی اب آپ اس پراجیکٹ سے خود کو الگ کر لو۔۔۔ حسین نقی مرحوم کے مطابق پھر اس کے بعد روزنامہ مساوات کی ادارت حنیف رامے کے ہاتھ میں دے دی گئی۔
یوں اس فیصلے سے اس نتیجے پر پہنچنا ہرگز مشکل نہیں کہ نقی صاحب کی آزادی، خودداری اور حریت پسندی اس وقت بھی مصلحت پسند، ہمیشہ کی حکمران اسٹیبلشمنٹ کو کبھی ایک آنکھ نہ بھاتی تھی، اور منصب یا دباؤ تو مرحوم کا کبھی مسئلہ ہی نہ رہا۔
اپنے مشن سے ریٹائرمنٹ بھی ان کے لیے کبھی تھی ہی نہیں۔ اندرون سندھ ہندو کمیونٹی میں ہر دلعزیز تھے، آنا جانا لگا رہتا تھا۔ پاک انڈیا پیپلز فورم کی ایک فعال شخصیت اور توانا آواز سمجھے جاتے تھے۔ جب بھی ملتے سب سے ایک جیسی محبت، شفقت سے پیش آتے۔
ہمارے مساوات کے ساتھی اشرف خان لودھی کینیڈا سے وطن واپس آئے توہم دونوں فون کرکے ان کے ہاں پہنچ گئے۔ گیس کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ تھا، پھر بھی اصرار کرتے کرتے چائے پیے بغیر سردی میں واپسی کیلئے اٹھنے نہ دیا، اور اس وضعداری سے یہاں یہ بات صادق آتی ہے کہ یہی وہ لوگ تھے جو گنگا جمنی تہذیب کا ایک عہد پورا کر گئے۔ خدا تعالیٰ بھلائی کا یہ سلسلہ اسی طرح جاری ساری رکھے۔

