صنعا (ایرانی میڈیا، بھارتی خبر رساں ایجنسی) یمنی حوثی تنظیم انصار اللہ نے سعودی عرب کا نگرانی اور مسلح ڈرون مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔
حوثی فوج کے ترجمان یحییٰ سریع نے کہا ہے کہ سعودی عرب سے منسوب چینی ساختہ ’’ونگ لونگ ٹو‘‘ ڈرون کو یمن کے صوبے تعز کے ساحلی شہر المخا کے اوپر مناسب ہتھیار کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔
حوثی ترجمان کے مطابق ڈرون مبینہ طور پر ’’دشمنانہ کارروائیوں‘‘ میں مصروف تھا۔ تاہم سعودی حکام کی جانب سے اس دعوے پر فوری طور پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا اور ڈرون مار گرائے جانے کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی۔
دوسری جانب حوثیوں کے زیرانتظام ذرائع ابلاغ نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی جنگی طیاروں نے تعز، مأرب اور الجوف میں 19 فضائی حملے کیے، جبکہ المخا میں سعودی فضائی حملوں کے نتیجے میں 2 بچوں اور ایک خاتون سمیت 6 افراد ہلاک ہوئے۔
یمن میں سعودی عرب اور حوثیوں کے درمیان لڑائی میں حالیہ دنوں کے دوران شدت آئی ہے، جبکہ تعز اور بحیرۂ احمر کے ساحلی علاقوں میں بھی فریقین کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں۔

