خواتین کو جنسی ہراسانی کا نشانہ بنانے پر جیرار ڈیپارڈیو نے سزاقبول کرکے معافی مانگ لی

پیرس (رائٹرز، اے ایف پی) فرانسیسی اداکار جیرار ڈیپارڈیو نے دو خواتین کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے مقدمے میں اپنی سزا کے خلاف اپیل واپس لے لی اور جرم میں سزا یافتہ ہونے کا فیصلہ قبول کرتے ہوئے متاثرہ خواتین سے معافی مانگ لی۔

77 سالہ اداکار نے پیرس میں اپیل کی سماعت شروع ہونے سے قبل جاری تحریری بیان میں کہا کہ عدالت نے انہیں قصوروار قرار دیا ہے اور وہ اس فیصلے کو تسلیم کرتے ہیں۔ انہوں نے متاثرہ خواتین سے دلی معذرت کرتے ہوئے کہا کہ فلموں کی عکس بندی کے دوران وہ طویل عرصے تک نامناسب مذاق اور اشتعال انگیز رویے کی آڑ لیتے رہے۔ انہیں اب احساس ہوا ہے کہ ان کے الفاظ اور بعض حرکات کے نتائج بھی ہوتے ہیں، خصوصاً اس لیے کہ وہ فلمی صنعت میں طاقتور مقام رکھتے تھے۔

جیرار ڈیپارڈیو کو مئی 2025ء میں فلم ’’لے وولے ویر‘‘ کی 2021ء میں پیرس میں عکس بندی کے دوران دو خواتین، ایک سیٹ ڈریسر اور ایک معاون ہدایت کار، کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کا مجرم قرار دیا گیا تھا۔ عدالت نے انہیں 18 ماہ قید کی معطل سزا سنائی تھی، متاثرہ خواتین کو مجموعی طور پر 29 ہزار 40 یورو ہرجانہ ادا کرنے اور ان کا نام فرانس کے جنسی جرائم میں سزا یافتہ افراد کے قومی رجسٹر میں درج کرنے کا حکم بھی دیا تھا۔

اداکار نے مقدمے کی سماعت کے دوران الزامات مسترد کیے تھے، تاہم فلم کے سیٹ پر نازیبا زبان استعمال کرنے اور ایک خاتون کے کولہوں کو چھونے کا اعتراف کیا تھا۔ اپیل واپس لینے کے بعد ان کی سزا برقرار رہے گی اور مقدمے کی مزید سماعت نہیں ہوگی۔

دوسری جانب جیرار ڈیپارڈیو کو اداکارہ شارلٹ آرنولڈ کی جانب سے 2018ء میں مبینہ زیادتی کے ایک الگ مقدمے کا بھی سامنا ہے۔ وہ اس الزام کی تردید کرتے ہیں اور اس مقدمے میں عدالتی کارروائی کا فیصلہ 26 نومبر کو متوقع ہے۔