پشاور (خبر ایجنسیاں) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے بھر میں سونے کی کان کنی فوری طور پر معطل کرنے اور تمام کان کنی لیز منسوخ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے غیر قانونی کان کنی میں مبینہ طور پر ملوث 12 سیاستدانوں کے نام بھی ظاہر کردیے۔
پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ کان کنی کے ٹھیکے داروں اور لیز ہولڈرز کو ایک ہفتے کے اندر اپنی بھاری مشینری متعلقہ علاقوں سے ہٹانے کی ہدایت کی گئی ہے، مقررہ مدت کے بعد وہاں موجود مشینری ضبط کرلی جائے گی۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ کوہاٹ میں غیر قانونی سونے کی کان کنی سے حاصل ہونے والی آمدن کا بڑا حصہ افغانستان بھیجا جارہا تھا اور یہ رقم پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی سرگرمیوں میں استعمال ہورہی تھی۔ ان کے بقول غیر قانونی کان کنی کرنے والے عناصر دہشت گردوں کو بھتہ دیتے تھے اور اس کے بدلے انہیں تحفظ فراہم کیا جاتا تھا۔
گورنر نے غیر قانونی کان کنی میں مبینہ طور پر ملوث جن 12 سیاسی شخصیات کے نام لیے، ان میں تحریک انصاف کے عاطف عالم، رکن قومی اسمبلی شہریار آفریدی، سینیٹر خرم ذیشان، سابق گمبٹ ٹاؤن ناظم ساجد اقبال، سابق لاچی ٹاؤن ناظم احسان، پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق رکن قومی اسمبلی امجد آفریدی، جمعیت علمائے اسلام ف کے سابق ضلعی میئر سیٹھ سیف اللہ، نسیم آفریدی، جمعیت علمائے اسلام ف کے سابق امیدوار ایڈووکیٹ حمد اعظم، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے بھائی نوید، اظہر بخاری اور نذیر آفریدی شامل ہیں۔
فیصل کریم کنڈی نے واضح کیا کہ کسی کے خلاف سیاسی بنیادوں پر کارروائی نہیں ہوگی، تاہم غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث پائے جانے والے سیاستدان، سرکاری افسر یا کسی بھی ادارے سے تعلق رکھنے والے شخص کو قانون کا سامنا کرنا ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ کوہاٹ کے دو معدنیاتی بلاکس، سی اور ڈی میں بڑے پیمانے پر کان کنی جاری تھی، جہاں ان کے فراہم کردہ اعدادوشمار کے مطابق 8 ہزار 350 ٹرک، 3 ہزار 660 کھدائی کرنے والی مشینیں، 1 ہزار 730 ڈائنامو والی ٹریکٹر ٹرالیاں، 1 ہزار 600 ڈمپرز اور 200 بھاری لوڈر استعمال ہورہے تھے، جبکہ اس سرگرمی سے 49 ہزار سے 51 ہزار تک مزدور وابستہ تھے۔
گورنر کے مطابق غیر قانونی کان کنی سے ماہانہ 4 ارب 92 کروڑ روپے مالیت کا سونا نکالا جارہا تھا اور اس آمدن کا 80 فیصد افغانستان منتقل کیا جارہا تھا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ یہ رقم دہشت گردی اور پاکستان مخالف سرگرمیوں کے لیے استعمال ہورہی تھی۔
انہوں نے کہا کہ فروری 2026ء میں تحریک انصاف کے دور حکومت میں ایک طالبان کمانڈر نعمت اللہ عرف کمانڈر کی سربراہی میں یوتھ کمیٹی قائم کی گئی تھی، جس کا مقصد مقامی اور غیر مقامی افراد سے بھتہ وصول کرنا تھا۔ ان کے بقول مقامی افراد سے ہفتہ وار 8 لاکھ روپے جبکہ باہر سے آنے والوں سے ایک لاکھ 10 ہزار روپے وصول کیے جاتے تھے۔
گورنر نے کوہاٹ میں پولیس اہلکاروں پر حملے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اہلکار غیر قانونی کان کنی کے خلاف کارروائی کے بعد واپس آرہے تھے جب فتنۃ الخوارج نے انہیں نشانہ بنایا۔ اس واقعے میں 10 پولیس اہلکار شہید ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حملے اور اس کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
فیصل کریم کنڈی نے شہید ڈی ایس پی حیدر زمان کے نام سے خصوصی ٹاسک فورس قائم کرنے کا بھی اعلان کیا، جو تین ہفتوں میں کان کنی کے نظام، سکیورٹی اور ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے جامع حکمت عملی تیار کرے گی۔ اس فورس میں متعلقہ محکموں، پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے نمائندے شامل ہوں گے۔
انہوں نے کوہاٹ واقعے کی تحقیقات کے لیے پشاور ہائی کورٹ کے ایک ریٹائرڈ جج کی سربراہی میں عدالتی کمیشن قائم کرنے کا اعلان بھی کیا، جو حملے کے ذمہ داروں اور اس کے پس منظر کا جائزہ لے گا۔
گورنر نے کہا کہ صوبے کے قدرتی وسائل کے تحفظ اور غیر قانونی کان کنی کے خاتمے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں، جبکہ مستقبل میں کان کنی کے ٹھیکوں، قوانین اور سکیورٹی کے لیے باقاعدہ نظام متعارف کرایا جائے گا۔

