دبئی (نامہ نگار) دبئی پولیس کے شعبۂ جرائمِ معاشی نے ڈرائیونگ لائسنس کے تبادلے سے متعلق قانونی سہولتوں کا ناجائز فائدہ اٹھانے والے ایک منظم گروہ کو بے نقاب کرتے ہوئے 8 افراد کو گرفتار کر لیا۔
حکام کے مطابق ملزمان لین دین کی کارروائیوں میں معاونت فراہم کرنیوالی کمپنیوں کے دفاتر کو استعمال کرتے ہوئے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کے خواہش مند افراد سے رابطہ کرتے تھے۔ وہ انہیں ایک پڑوسی ملک سے ڈرائیونگ سیکھے یا امتحان دیے بغیر لائسنس بنوا کر دینے کی پیشکش کرتے تھے، تاکہ بعد ازاں اسے دبئی کی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے ذریعے متحدہ عرب امارات کے ڈرائیونگ لائسنس میں تبدیل کرایا جا سکے۔
تحقیقات کے مطابق یہ گروہ ہر لائسنس کے عوض 10 ہزار اماراتی درہم وصول کرتا تھا۔ ملزمان بالخصوص ایسے ممالک کے ڈرائیونگ لائسنس رکھنے والوں کو نشانہ بناتے تھے جن کے لائسنس متحدہ عرب امارات میں اضافی امتحان کے بغیر تبدیل کرانے کی سہولت موجود ہے۔
دبئی پولیس نے خبردار کیا ہے کہ غیر قانونی ذرائع سے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کیلئے ایسی خدمات استعمال کرنے اور رقم ادا کرکے جعلی لائسنس بنوانے والے افراد بھی قانونی کارروائی کی زد میں آ سکتے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ڈرائیونگ سیکھے اور ضروری امتحان میں کامیابی حاصل کیے بغیر سڑکوں پر گاڑی چلانا محض قانون کی خلاف ورزی نہیں بلکہ عام شہریوں، پیدل چلنے والوں اور دوسرے ڈرائیوروں کی جانوں کیلئے بھی سنگین خطرہ ہے۔

